سرینگر// سعودی عرب اور مصر سمیت چھ عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے قطر ایئرویز پر سفر کرنے والے جن مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ان میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔پاکستان کے مختلف شہروں سے قطر ایئرویز سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد دوحہ کے ایئرپورٹ پر پھنس گئی ہے۔
ان مسافروں میں شامل محمد شوکت نے واٹس ایپ پر پیغامات کے ذریعے ایک بین الاقوامی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لوگ پیر کی صبح تقریباً چار بج کر چالیس منٹ پر کراچی سے قطر ایئرویز کی فلائٹ کے ذریعے دوحہ پہنچے تھے اور اس کے بعد سے ایئر پورٹ کے اندر پھنس گئے ہیں۔محمد شوکت نے بتایا کہ اس پرواز میں خواتین سمیت 11 افراد دوحہ پہنچے اور انھوں نے مقامی وقت کے مطابق نو بجے جدہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔انھوں نے بتایا کہ وہ زائرین ہیں اور عمرہ کرنے سعودی عرب جا رہے تھے اور احرام بھی باندھ لیا تھا لیکن تقریباً 24 گھنٹے سے ایئرپورٹ کے اندر انتظار کر رہے ہیں۔
محمد شوکت کے مطابق اس وقت پاکستان کے دوسروں شہروں سے سعودی عرب جانے والے تقریباً 70 کے قریب مسافر ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ قطر ایئرویز کے عملے نے ان سے رابطہ کیا ہے اور انھیں بتایا ہے کہ وہ کسی دوسری ایئرلائن کا انتظام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ انھیں سعودی عرب روانہ کیا جا سکے۔قطر میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے کی جانب سے رابطے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ابھی تک کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا تاہم پی آئی اے کا عملہ ہمارے پاس آیا تھا اور معلومات لینے کے بعد یہ کہہ کر چلا گیا ہے کہ وہ پرواز کا بندوبست کرتے ہیں۔
محمد شوکت نے بتایا کہ روزے کی حالت میں ایئرپورٹ پر انتظار کرنا انتہائی تکلیف دہ ہے اور خاص کر بچوں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ایک اور مسافر سہیل قرار نے کہا ہے کہ وہ پیر کی صبح سے قطر ایئرویز سے درخواست کر رہے ہیں کہ اُنہیںیہاں سے نکالا جائے یا پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرایا جائے لیکن’ ’ہم ہمیں صرف اتنا کہہ رہے ہیں کہ آپ کے لیے کچھ کرتے ہیں“۔
انھوں نے کہا کہ دوحہ پہنچے کے بعد انھیں صورتحال کا اندازہ ہوا لیکن اس کے کئی گھنٹے بعد بھی قطر ایئرویز کی دیگر پروازیں پاکستان سے یہاں پہنچیں جن میں سعودی عرب جانے والے مسافر سوار تھے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ پہلے سے اقدامات کرتے ہوئے مزید پاکستانیوں کو پریشان ہونے سے بچائے ”کیونکہ تقریباً قطر کے مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے کے قریب ان کی فلائٹ دوحہ پہنچی تو صورتحال تبدیل ہو چکی تھی لیکن اس کے تقریباً پانچ گھنٹے بعد پاکستان سے ایک اور فلائٹ دوحہ پہنچی تو اس میں بھی سعودی عرب جانے والے مسافر سوار تھے“۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ماہِ رمضان میں عمرے کی ادائیگی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد قطر اور متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز سے سعودی عرب جاتی ہے۔ اس کے علاوہ روزگار کے سلسلے میں جانے والے شہری بھی ان ہی ممالک کی ایئر لائن کو زیادہ استعمال کرتے تھے۔ متحدہ عرب امارات میں شامل ریاست ابوظہبی کی سرکاری فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے منگل کی صبح سے دوحہ کے لیے تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتحاد ایئرویز کی چار پروازیں روزانہ دوحہ جاتی ہیں۔اتحاد ایئرویز کے اس اعلان کے بعد دبئی کی فضائی کمپنی امارات کے علاوہ بجٹ ایئرلائن فلائی دبئی، بحرین کی گلف ایئر اور مصر کی ایجپٹ ایئر کی جانب سے بھی ایسے ہی اعلانات کیے گئے ہیں۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے کہا ہے کہ وہ قطر سے آنے اور وہاں جانے والی پروازیں بند کر دیں گے اور قطری فضائی کمپنی قطر ایئرویز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔