ہندوپاک کے بیچ جنگی سطح کی کشیدگی

اسلام آباد//بھارت -پاک کے بیچ جاری دائمی کشیدگی میں ہوئے تازہ اضافہ نے بدھ کو مزید خطرناک موڈ لے لیا کہ جہاں بھارت نے21سکینڈ کا ایک ویڈیو جاری کرکے پاکستان کی کئی چوکیوں کی تباہی کا دعویٰ کیا وہیں پاکستان نے87سکینڈ کا ویڈیو جاری کرکے بھارت کو شدید نقصان پہنچانے کا جوابی دعویٰ کردیا۔اس دوران پاکستان نے تمام فضائی اڈوں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کردیا ہے جبکہ پاک فضائیہ کے بھارتی ہوائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متنازعہ سیاچن گلیشر کے اوپر سے اُڑانیں بھرنے کی بھی اطلاعات ہیں حالانکہ بھارت نے ایسا کچھ بھی ہونے سے انکار کیا ہے۔

بھارت نے کل ایک سنسنی خیز ویڈیو جاری کرکے پاکستانی زیرِ انتظام کشمیر میں اسکی کئی چوکیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تو پاکستان نے چند ساعتوں کے بعد ہی جوابی ویڈیو جاری کرکےبھارت کی کئی چوکیاں اُڑا دینے کا دعویٰ کیا۔

راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر کئی دنوں سے دونوں ممالک کی افواج آمنے سامنے ہیں اور تازہ کشیدگی کی یہی وجہ ہے۔بھارت نے کل ایک سنسنی خیز ویڈیو جاری کرکے پاکستانی زیرِ انتظام کشمیر میں اسکی کئی چوکیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تو پاکستان نے چند ساعتوں کے بعد ہی جوابی ویڈیو جاری کرکےبھارت کی کئی چوکیاں اُڑا دینے کا دعویٰ کیا۔اسکے ساتھ ہی پاک فضائیہ کے معنیٰ خیز انداز میں متحرک ہونے کی بھی خبریں آئیں۔خیال رہے کہ 22 مئی کوبھارتی فضائیہ کے ایئر چیف مارشل بی ایس دھنووا کی جانب سے 12 ہزار فوجیوں کو بھیجے گئے خطوط میں یاددہانی کرائی گئی تھی کہ وہ”مختصر نوٹس پر کارروائی کرنے کے لیے تیار رہیں“۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا ”موجودہ صورتحال میں سب کنونشنل خدشات ہر دم موجود ہیں“۔اُنہوں نے اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا”تربیت اسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہئے “۔

”اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب اُس کی نسلیں یاد رکھیں گی“۔

اس سے قبل میجر جنرل اشوک نرولا نے نئی دلی میں سرحد پار کی گئی کارروائی کی ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں پہاڑ پر قائم کچی عمارت پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ دیکھی جا سکتی ہے۔تاہم پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا تھاکہ شہرا سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے اور پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں پر فائرنگ کا بھارت کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ البتہ پاکستان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے بعد اپنی تمام ہوائی پٹیوں کو متحرک کر دیا ہے اور مختلف جنگی طیاروں کی تربیتی پروازیں جاری ہیں۔پاکستان کا کہنا ہے کہ ایئرچیف مارشل سہیل امان سیاچن محاذ کے قریب اسکردو میں فارورڈ آپریٹنگ بیس پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے، ایئر چیف نے ناصرف فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبے کو سراہا بلکہ فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اُڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ بھی لیا۔

ایئرچیف سہیل امان نے تاہم ان سرگرمیوں کو ”معمول“ بتاتے ہوئے کہا” ہم سارا سال ہرلمحے تیار رہتے ہیں، یہ معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے اور ہمیں کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیارہیں، قوم کو دشمن کے بیانات پر رتی بھر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اسے اعتماد ہونا چاہیے کہ پاک فضائیہ سرحدوں کی حفاظت کے لیئے ہر دم تیار ہے“۔زبردست تیور دکھاتے ہوئے اُنہوں نے دھمکی دی ہے”اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب اُس کی نسلیں یاد رکھیں گی“۔

Exit mobile version