جمیعت اہل حدیث کا تنظیمی انتخاب، بٹ بنے رہے

سرینگر//
جموں کشمیر کی ایک بڑی مذببی تنظیم جمیعت اہلالحدیث نے تنظیم کے موجودہ صدر غلام محمد بٹ کو لگاتار دوسری بار صدر منتخب کردیا ہے۔ اس حوالے سے کل باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بٹ کو شوریٰ کی اکثریت نے صدر منتخب کرلیا ہے جبکہ بٹ نے تعلیم و تدریس اور فلاحی و دعوتی کاموں کو اپنی ترجیح بنائے رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق تنظیم کے کُل 414 اراکین مجلس شوریٰ نے انتخاب میں حصہ لیا اور غلام محمد بٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پھر سے صدر منتخب کر لیا۔دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد غلام محمد بٹ نے کہا کہ تعلیم وتدریس ،دعوت اور فلاحی امور کی انجام دہی کو حسبِ سابق ترجیحی حیثیت حاصل رہے گی۔ موصوف نے ریاستی ،با الخصوص وادی کے ،کربناک حالات پر بھی گفتگو کی اور وادی بھرمیں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں، مرد و زن کی گرفتاریوں ، قید و بند کی سختیوں اور طلباء وطالبات پر قہر وستم کے پہاڑ توڑے جانے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل ومصائب کی جڑ مسئلہ کشمیرہے اور جب تک نہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے تب تک سکون ،امن وراحت کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ فریقوں سے اس مسئلہ کے آبرومندانہ حل کے لئے بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اورسیاسی رہنماؤں پر قدغنوں کا خاتمہ اور اس سلسلے سے جڑے تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

غلام محمد بٹ نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث محسوس کرتی ہے کہ نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا میں اسلام کے ماننے والوں کے خلاف زہر افشانی روز کا معمول بنا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے دینی تشخص کو مسخ کرنے،مسلمات دین کی اپنے سیاسی مفادات کی خاطر غلط تشریح جیسے طلاق اور اذان کے معاملات گذشتہ کئی مہینوں سے ایک منصوبہ بند طریقے سے اُچھالے جارہے ہیں۔

Exit mobile version