زلزلہ زدہ تُرکی میں 8دن بعد مزید نو افراد کو زندہ نکالا گیا

تُرکی اور شام میں آئے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد اکتالیس ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔اس دوران ملبے سے معجزاتی طور کئی لوگوں کے بچ نکلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ واقعات میں مزید کم از کم نو افراد کو زندہ برآمد کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی ایک خبر کے مطابق انطاکیہ میں ریسکیو ورکرز نے ایک خاتون اور ایک مرد کو 200 گھنٹوں بعد ملبےسے نکالا ہے اور دونوں کا تعلق شام سے ہے۔ اسی طرح تُرکیہ کے صوبے قہرمان مرعش میں منگل کو ایک عمارت کے ملبے سے 21 اور 17 سالہ دو بھائیوں کو آٹھ دن بعد ملبے کے نیچے سے زندہ نکالا گیا ہے۔

امدادی کارکنوں کو اُمید ہے کہ ملبے میں ابھی کئی لوگ زندہ ہوسکتے ہیں ۔ان کارکنوں کا ماننا ہے کہ اگر یہاں موسم بہت زیادہ ٹھنڈا نہیں ہوتا تو مزید لوگوں کے زندہ بچ جانے کی اُمید کی جاسکتی تھی۔ واضح رہے کہ زلزلہ سے متاثر علاقوں میں جما دینے والی سردی ہے جو لوگوں کی پریشاننیوں کو دوبالا کئے ہوئے ہے۔مشکل ترین حالات کے باوجود کئی کئی دنوں تک لوگوں کا ملبے تلے پھنسے رہنے کے باوجود زندہ رہنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔

Exit mobile version