ریاض: کرونا وائرس کے تیزی کے ساتھ دنیا کو لپیٹ میں لئے جانے کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک میں 21 روزہ کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب میں رات سات بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو برقرار رہےگا۔ شاہ سلمان کے اس فیصلے پرعمل درآمد کا آغاز آج سوموار کی رات سے کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں کرونا وائرس سے قریب 600 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے
سعودی پریس ایجنسی ’’ایس پی اے“ کی جاری کردہ خبر کے مطابق شاہ سلمان نے شہریوں اور ملک میں مقیم غیرملکی باشندوں کی کرونا وائرس سے بچائو کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بادشاہ نے 28 رجب المرجب بہ مطابق 23 مارچ 2020ء اکیس روز تک رات کا کرفیو لگا دیا ہے۔
وزارت داخلہ کو ملک میں کرفیو کے اعلان پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ تمام سِول اور فوجی ادارے وزارت داخلہ سے تعاون کےپابند ہوں گے۔ تاہم سرکاری اور نجی شعبوں کےملازمین کرفیوکی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سیکیورٹی ، فوجی اور میڈیا شعبوں کے ملازمین، صحت اور بنیادی سروس فراہم کرنے والے اداروں کے کارکن بھی اس پابندی سے مستثنیٰ رکھے گئے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے قریب 600 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔