تصدق نے بانڈی پورہ میں سیاحت کے امکانات کا جائزہ لیا

بانڈی پورہ// سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے بانڈی پورہ ضلع میں سیاحت کے امکانات کا جائزہ لینے کے دوران یہاں سڑکوں کی خستہ حالی پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے مناسب ویسٹ ڈسپوزل منیجمنٹ نظام وجود میں لانے کی ہدایت دی ہے۔

منگل کویہاں کی گریز اور تلیل تحصیلوں سمیت بانڈی پورہ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کر نے کے دوران وزیر سیاحت نے علاقہ کے قدرتی وسائل اور ثقافتی ورثے کو تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ علاقہ کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ٹیمیں تشکیل دے کر عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے ایک فعال نظام وجود میں لائیں۔وزیر موصوف نے مختلف محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔

وزیر نے بانڈی پورہ، گریز، تلیل اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انجینئروںپر زور دیا کہ وہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کی طرف توجہ دیں۔انہوں نے این ایچ پی سی حکام سے کہا کہ وہ پاور پروجیکٹ کے ڈیم سائٹ پر سے جمع شدہ ملبے کو ہٹائیں۔این ایچ پی سی کے جنرل منیجر نے یہ کام جلد از جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

بعدازاں تصدق مفتی نے یہاںضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی، ناظم سیاحت محمو د احمد شاہ اور کئی دیگر افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران ضلع کے سیاحتی منظر نامہ کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر نے وزیر کو ضلع کے ترقیاتی منظر نامہ کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ پچھلے مالی سال کے دوران مختلف ترقیاتی کاموں پر63.54 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں۔

تصدق مفتی کو بتایا گیا کہ ضلع میں140 کلو میٹر لمبی سڑکوں پر تار کول بچھایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں30 کروڑ روپے کی لاگت سے11 ترقیاتی پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ اسی مدت کے دوران21.25 کروڑ روپے کی لاگت سے8 واٹر سپلائی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔
وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ نئے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے تحت15.30 کروڑ روپے کی لاگت سے4 پروجیکٹ مکمل کئے جاچکے ہیں جن میں کانفرنس ہال، ڈی سی رہایش اور سمبل اور ایتمولہ میں ڈاک بنگلہ کی تعمیر شامل ہے۔

Exit mobile version