سرینگر سے دن رات اُڑانوں کی شروعات

سرینگر// ایڈیشنل کمشنرکشمیر اے آر دار نے آج آفیسران کی ایک میٹنگ میں سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 7×24ہوائی اڑانیں شروع کرنے کے لئے لوازمات کا جائز ہ لیا۔میٹنگ میں ہوائی اڈے میںمناسب روشنی کے انتظام،حفاظتی انتظامات،اہم جگہوں پر واچ ٹاورس اوردیگر لازمی انتظامات کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا اورانڈین ائر فورس نے سرینگر ہوائی اڈے سے دن رات ہوائی اڑانوں کی شروعات کے لئے پہلے ہی منظوری دی ہے۔البتہ تمام ائر لائینز کےلئے ہوائی اڑانیں شروع کرنے کے لئے ڈی جی سی اے کی منظوری لازمی ہے۔

سرینگر ہوائی اڈے سے تمام پرائیوٹ ائر لائینز دن رات میں اڑانیں شروع کرنے پر رضامند ہیں۔ایڈیشنل کمشنر کشمیر نے مختلف سرکاری ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل پر زوردیا ہے تاکہ ہفتے کے ساتوں دن اور چوبیسوں گھنٹے اُڑانوں کی شروعات کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کی طرف سے بھی اس سلسلے میں مکمل تعاﺅن دیا جائے گا۔

میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسرینگر،ترقیاتی کمشنر بڈگام،کمشنر سول اویشین جموں وکشمیر ،ائر فورس کے آفیسران،ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا،ایس ایس پی بڈگام،ایس ایس پی انٹی ہائی جیک سرینگر ائر پورٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور تمام ائر لائین کمپنیوں کے سٹیشن منیجروں کے علاوہ دیگر آفیسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔

Exit mobile version