سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کو 42کروڑ روپے کی لاگت سے عملائے جارہے حضرتبل درگاہ ترقیاتی پروجیکٹ کا افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت، وقف بورڈ اور پروجیکٹ کی عمل آوری ایجنسی کے افسرو ںکو ہدایت دی کہ وہ درگاہ کا مشترکہ معائینہ کر کے موقعہ پر ہی رُکاوٹوں کو دور کریں ۔اُنہوں نے ان تینوں ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کریں۔
محبوبہ مفتی نے متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ زائرین مستفید ہوسکیں۔ انہوںنے زیارت گاہ کی لینڈ سکیپنگ ، روشنی کے نظام اورغسل خانوں کے کام کو مکمل کرنے کی بھی وکالت کی۔انہوں نے کہا کہ اس متبرک زیارت گاہ پر آنے والے زائرین کی سہولیات کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے اور ان تمام پہلوﺅں میں بہتر ی لائی جانی چاہئے جن کی بدولت زائرین کی راحت رسانی ہوسکے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس سال 7 جنوری کو اس اہم پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔اس پروجیکٹ کے اہم مدوں میں زائرین کے لئے تمام موسموں والاعبادتی ڈھانچے قائم کرنا ، درگاہ کے داخلے کو چار گلیاروں والا بنانا ، زیارت گاہ کمپلیکس میں روشنیوں کے نظا م میں بہتری لانا ،وضو خانہ تعمیر کرنا ، دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین کے لئے رہائش قائم کرنا، درگاہ مارکیٹ کو از سر نو ترتیب دینا ، ایک اسلامک کلچر سینٹر قائم کرنے کے علاوہ زیارت گاہ کمپلیکس کے لئے ایک الگ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی شامل ہیں۔پروجیکٹ کی بدولت زیارت گاہ کمپلیکس سے جھیل ڈل کا منفرد نظارہ برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
محبوبہ مفتی جو وقف بورڈ کی صدر نشین بھی ہیں ،نے پکھر پورہ چرار شریف میں حضرت سید علی عالی بلخی ؒ کی زیارت گاہ کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اس موقعہ پر محبوبہ مفتی کو جانکاری دی گئی کہ زیارت گاہ پر زائرین کے لئے سہولیات قائم کرنے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے اکثر کام مکمل کئے جاچکے ہیں اور باقی ماندہ کاموں کو بھی عنقریب ہی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس دوران امام باڑہ چھتر گام میں جاری کاموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ سیاحت کے ساتھ باہمی تال میل بنائے رکھےں تاکہ دونوں پروجیکٹوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جاسکے۔