جی ایس ٹی پراسمبلی میں بحث ہوگی:سرکار

سرینگر// جموں کشمیر سرکار کے ترجمانِ اعلیٰ نعیم اختر،جو ریاست میں تعمیرات کے وزیر بھی ہیں،نے کہا ہے کہ تجارت سے متعلق جی ایس ٹی قانون کے نفاذ کے بارے میں ریاست کی ”خصوصی پوزیشن“کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی فیصؒہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہاہے کہ سرکار اسمبلی میں ایک خصوصی بل لائے گی اور جی ایس ٹی کی عمل آوری کے حوالے سے اسمبلی میں مدلل بحث کی جائے گی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر نے کہا کہ قومی غذائی ایکٹ اور پنچائتی ایکٹ کے معاملے میں ریاستی قانون سازیہ نے اپنا ایکٹ متعارف کیا اور جی ایس ٹی کے حوالے سے بھی یہی لایحہ عمل برتا جائے گا۔

نعیم اختر نے کہا کہ جی ایس ٹی کی عمل آوری سے اشیاءسستی ہوں گی کیونکہ اس سے روائتی دوہرے ٹیکس کے عمل سے چھٹکارہ ملے گا اور ریاست سے تعلق رکھنے والے صارفین کو فائدہ ملے گا۔سرکاری ترجمان نے کہا کہ جی ایس ٹی پوری دنیا میں ایک نظم بن چکا ہے کیونکہ اقتصادیات پر اس کے کافی فوائد ہیں۔ وزیر نے افسران کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چند خود غرض عناصر ہمیشہ ریاست کے مفادات کو زک پہنچانے میں لگے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے تحت ریاست کی خصوصی پوزیشن سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Exit mobile version