کٹھوعہ // جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ریاستی و مرکزی سرکار کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں سے استفادہ کریں تاکہ ریاستی عوام کی سماجی و اقتصادی حالت میں بہتری آسکے ۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج کٹھوعہ میں ایک عوامی دربار کے دوران کیا۔موجودہ سرکار کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ سرکار نے لوگوں کو بہتر خدمات مہیا کرانے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری اجولا یوجنا اسی سمت میں ایک قدم ہے۔
لعل سنگھ نے کہا کہ یہ پہل ریاست میں دھویں سے پاک ایندھن فراہم کرنے کےلئے کی گئی ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ حکومت نے ریاست میں 2020 تک ہر گھر کو ایل پی جی کنکشن فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔اس موقعہ پر وزیر نے 30 مستحق خواتین کو ایل پی جی کنکشن کے دستاویزات بھی دئیے۔
اُجالا سکیم کے بارے میں بولتے ہوئے لعل سنگھ نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ریاستی عوام کو انتہائی کم قیمتوں پر ایل ای ڈی بلب فراہم کئے جاتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ صارفین بجلی بِل پیش کر کے 20روپے فی بلب کے حساب سے 5بلب خرید سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس سکیم سے صارفین کے بجلی بِل میں واضح کمی آئی ہے۔اس موقعہ پر کئی علاقوں سے آئے عوامی وفود نے وزیر کو اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے چند مسائل کے حل کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔