ایلون مسک نے اپنے کُتے کو ٹوئٹر کا سی ای او بنا دیا

دُنیا بھر میں مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے حیران کُن طور پر اپنے کُتے ’فلوکی‘ کو ٹوئٹر کے نئے چیف ایکزیکٹیو افسر (سی ای او) کے بطور متعارف کرایا ہے۔ایک ٹویٹ میں اُنہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او ’امیزنگ‘ ہیں۔ مسک نے فلوکی کا کمپنی کے اس سے قبل کے سی ای او سے موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ’ دوسرے فرد سے بہت بہتر ہے‘۔ ایک علیٰحدہ ٹویٹ میں اُنہوں نے اپنے کُتے کو اعداد و شمار کے معاملے میں بھی بہترین قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک، جنہوں نے گذشتہ سال ہی ٹوئٹر کا 44ارب ڈالر میں سودا کیا تھا،کے پاس جاپانی’شیبا اینو‘ نسل کا کُتا ہے جس کو وہ فلوکی کے نام سے پکارتے ہیں۔ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد سے ہی وہ عجیب و غریب فیصلے لیتے آرہے ہیں جنکی وجہ سے ایک وقت پر خود ٹوئٹر کی بقا خطرے میں پڑتے محسوس ہوئی تھی۔اُنہوں نے فلوکی کی ایک ایسی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں وہ ایک کرسی پر بیٹھا ہوا ہے اور اس کے سامنے لگی تختی پر سی ای او لکھا ہوا ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر دستاویزات اور ایک لیپ ٹاپ ٹیبل پر موجود ہے۔ایلون مسک نے فلوکی کے اسٹائل کی بھی تعریف کی ہے۔ٹوئٹر کے مالک کے اس ٹوئٹ کے بعد لوگ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔حالانکہ اُنہوں نے منگل کو دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے ورچوئل خطاب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر تک وہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او کو تلاش کر لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں برس کا آخر ممکنہ طور پر ایک ایسا وقت ہوگا جب وہ کسی اور کو ٹوئٹر کے انتظامی امور چلانے کے لیے تلاش کر لیں گے۔

گزشتہ برس دسمبر میں انہوں نے ٹوئٹر پر ایک پول کرایا تھا کہ کیا وہ ٹوئٹر کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیں۔ تو 57 فی صد لوگوں ان کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔بعد ازاں اُنہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا ’جیسے ہی مجھے کوئی اتنا احمق مل جائے گا جو میری جگہ کام کر سکے تو میں سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا‘۔

Exit mobile version