گلمرگ کا نیا عجوبہ:باہر سے برف خانہ اندر سے چائے خانہ

اب جبکہ برسوں بعد سیاحوں اور فلمسازوں نے دوبارہ موسمِ سرما میں کشمیر کو اپنی منزل بنانا شروع کیا ہے یہاں کی سیاحتی صنعت نے مہمانوں کو ’’ورلڈ کلاس‘‘ احساس دلانے کے نئے طریقے ڈھونڈنا شروع کیا ہے۔اسی سلسلے میں گلمرگ کے ایک ہوٹل نے ایک اِگلو یا برف خانہ بنایا ہے جس میں بیٹھ کر چائے کی چُسکیاں لیتے ہوئے ’’یورپ میں ہونے کا احساس‘‘ ہوتا ہے۔

سیاحت کے ساتھ ساتھ سرمائی کھیلوں کے معروف میدان کے بطور مشہور گلمرگ کے ’’کولہائے گرین ہائٹس‘‘ نامی ہوٹل کے صحن میں بنایا گیا برفانی ریسٹورنٹ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔گلمرگ میں حدِ نگاہ تک بچھی برف کی سفید چادر اور بیچ میں کھڑا کیا جاچکا اِگلو ایک  رومانوی اور تصوراتی منظر پیش کرتے ہوئے دیکھنے والوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔

’’چناچہ جب فرنیچر کے انتخاب کی باری آئی تو صاحب نے کہا کہ فرنیچر تک برف کا ہونا چاہیئے اور یہی وجہ ہے کہ اس (اِگلو) کے اندر میز اور کُرسیاں بھی برف سے بنی ہوئی ہیں‘‘

اِگلو پیشہ ورانہ انداز میں بنایا جاچکا ہے اور اس کے اندر برف سے بنایا ہوا فرنیچر سجایا گیا ہے۔بیک وقت ڈیڑھ درجن کے قریب لوگوں کو جگہ دینے کی گنجائش والے ریسٹورنٹ میں کافی وغیرہ پلائی جاتی ہے اور چُسکیاں لیتے ہوئے یوں لگتا ہے کہ جیسے بندہ کسی یورپی ملک بیٹھا ہو۔جیسا کہ دھیرج نامی ایک نوجوان انجینئر ،جو چار دن کی چھٹی گذارنے کیلئے گلمرگ آئے ہوئے تھے،کہتے ہیں۔ انکا کہنا ہے ’’گلمرگ تو ویسے بھی سرگ جیسا ہے لیکن ایک اِگلو اور اسکے اندر ریسٹورنٹ بنا دیکھ کو کچھ یوں لگا کہ جیسے میں نے کوئی خواب دیکھا ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایک انگریزی فلم میں انہوں نے ایسا منظر دیکھا تھا اور اب جبکہ وہ اپنی آنکھوں سے اسی طرح کا منظر دیکھ رہے تھے تو انہیں یقین نہیں آرہا تھا۔

ہوٹل کولہائے گرینز کے ایک ملازم کا کہنا تھا کہ دراصل ہوٹل کے مالک نے یورپ کے دورے کے دوران اس طرح کی کوئی چیز دیکھی تھی اور انہوں نے یہ چیز اپنے یہاں آزمانا چاہی۔انہوں نے کہا کہ پہلے پہل اس طرح کا ریسٹورنٹ تیار کرنا ناممکن سا لگتا تھا لیکن ہوٹل مالک نے اسے ممکن بنانے کی ٹھان لی تھی۔انہوں نے کہا ’’چناچہ جب فرنیچر کے انتخاب کی باری آئی تو صاحب نے کہا کہ فرنیچر تک برف کا ہونا چاہیئے اور یہی وجہ ہے کہ اس (اِگلو) کے اندر میز اور کُرسیاں بھی برف سے بنی ہوئی ہیں‘‘۔ہوٹل کے ایک اور ملازم نے کہا ’’اس میں مہمانوں کو زیادہ دیر تک رہنا تو ہے نہیں لیکن پھر بھی کوشش یہ کی گئی ہے کہ گرمی کا ایسا انتظام کیا جاسکے کہ جس سے ریسٹورنٹ کی دیواریں پگھل بھی نہ جائیں اور یہاں بیٹھے ہوئے مہمان جم بھی نہ جائیں‘‘۔انہوں نے کہا ’’اسکے اندر جانے والے اتنے خوش اور حیران ہوتے ہیں کہ انہیں سردی کا احساس ہی نہیں رہتا ہے‘‘۔

برفانی ریستوران کا اندرونی منظر

گلمرگ میں محکمۂ سیاحت کے ایک افسر نے کہا کہ اب کی بار سیاحوں کا بڑا رش ہے اور بڑا اچھا سیزن گذر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’سیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے ہمارے محکمہ نے ہی نہیں بلکہ کئی دیگر محکموں نے بھی خاص پروگرام مرتب کئے ہوئے ہیں جن میں سرمائی کھیلوں کا دورانیہ بڑھانے،برف سے مختلف مجسمے بنانے کا مقابلہ ،موسیقی وغیرہ شامل ہے۔ظاہر ہے کہ نجی ہوٹل بھی مہمانوں کی دلچسپی بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ اِگلو اسی سلسلے کی ایک ڑی ہے جس نے یقیناََ گلمرگ کی قدرتی خوبصورت میں چار چاند لگا دئے ہیں‘‘۔ (بشکریہ راشٹریہ سہارا )

Exit mobile version