سرینگر// وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ کے حصول کا طریقہ اب پرانا ہو چکا، اب اس طریقے سے موبائل فون چارج کرنے کی باری ہے۔ خبر یہ ہے کہ امریکہ میں سائنسدانوں نے وائی فائی کے ذریعے فون چارج کرنے کا طریقہ دریافت کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ حیران کن دریافت ایم آئی ٹی کے تحقیق کاروں نے کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ سائنسدانوں نے ایسا مواد تیار کیا ہے کہ جس کے ذریعے الیکٹرانکس کی اشیاء کو کُلی طور پر وائی فائی کے سگنلز کے ذریعے توانائی فراہم کی جا سکتی ہے ۔ دلچسپ ہے کہ اس طریقے پر عمل کے لیے موبائل فون یا دیگر ڈیوائسز میں بیٹری کا ہونا بھی ضروری نہیں ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم آئی ٹی کے سائنسدانوں نے ایک ریڈیو انٹینااور سیمی کنڈکٹر مٹیریل تیار کیا ہے اور انہیں ’ریکٹینا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ وائی فائی کے سگنلز کو پکڑنے اور انہیں توانائی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ تھامس پلیشس کے حوالے سے کہا گیا ہے ” اس طریقے سے موبائل فون کو ہی نہیں بلکہ لیپ ٹاپس اور دیگر ایسی الیکٹرانکس اشیاء کو بھی توانائی فراہم کی جا سکے گی۔ “