سرینگر// سرینگر کے بمنہ علاقہ میں عارضی طور قیام پذیر کرناہ کا ایک پانچ رکنی خاندان دم گھٹنے سے لقمہ اجل بن گیا ہے۔ اس اندوہناک حادثہ میں مارے جانے والوں میں کم از کم دو بچے بھی شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپوارہ کے دوردراز کرناہ کا ایک خاندان اپنے ایک مریض کا علاج کروانے کیلئے سرینگر آیا ہوا تھا اور علاج و معالجہ میں کئی دن شہر میں رکنے کی ضرورت پیش آنے پر انہوں نے یہاں کے بمنہ علاقہ کی بوٹ مین کالونی میں ایک کمرہ کرایہ پر لیا ہوا تھا۔ان ذرائع کے مطابق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کے دوران دم گھٹنے کی وجہ سے خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جسکے بارے میں آج صبح اسوقت پتہ چلا کہ جب کمرے سے کوئی باہر نہ آیا اور مکان مالک انہیں جگانے کیلئے اندر چلے گئے۔مارے جانے والوں میں دو خواتین ، ایک مرد اور دو بچے شامل ہیں۔
رات کے دوران دم گھٹنے کی وجہ سے خاندان کے پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جسکے بارے میں آج صبح اسوقت پتہ چلا کہ جب کمرے سے کوئی باہر نہ آیا اور مکان مالک انہیں جگانے کیلئے اندر چلے گئے۔
متعلقہ پولس تھانہ میں بتایا گیا کہ ایک پولس ٹیم نے جائے واردات کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا ہے اور ایک معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔پولس کا کہنا ہے کہ ظاہری طور ان پانچوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے تاہم معاملے کی پوری طرح سے تحقیقات کی جائے گی جسکے تحت لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا جائے گا۔
چناچہ اس واقعہ کو لیکر بوٹ میں کالونی میں غم و اندوہ اور خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ایک ساتھ ایک ہی گھر کے پانچ افراد،بشمولِ بچوں،کے مارے جانے پر لوگ شدید دکھ کا اظہار کررہے تھے جبکہ کئی مقامی خواتین سینہ کوبی کرتے دیکھی گئیں۔پولس نے بد نصیب خاندان کے رشتہ داروں کو مطلع کرنے کی کوششیں بھی شروع کی ہیں جنہیں سرینگر بلاکر لاشیں سونپ دی جائیں گی۔واضح رہے کہ وادی میں کل سے ہورہی برفباری کی وجہ سے کرناہ کا ضلع ہیڈکوارٹر کپوارہ کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔