سرینگر// لائن آف کنٹرول کے کیرن سیکٹر میں فوج اور جنگجووں کے بیچ جاری ایک جھڑپ میں دو فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ایک اعلیٰ فوجی افسر کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے کیرن سیکٹر میں فوج کی ایک گشتی پارٹی کا قریب چھ جنگجووں کے ایک گروہ کے ساتھ آمنا سامنا ہوا اور جھڑپ ہوئی جس میں ابتدائی طور دو فوجی زخمی ہوگئے ہیں ۔دونوں کو درگمولہ میں واقعہ فوجی اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ فوج نے ایک وسیع علاقہ کو گھیرے میں لیا ہے تاہم یہ واضح ہونا باقی ہے کہ جنگجو محاصرے میں ہیں یا وہ بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے کہ جب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھریاست کے دو روزہ دورے پر ابھی ابھی سرینگر پہنچ چکے ہیں۔یاد رہے کہ بدھ کو ایل او سی کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے فوج نے تین جنگجووں کو مار گرایا تھا جنکی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔حالیہ ایام میں فوج نے دراندازی کی کوششوں میں تیزی محسوس کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔