سوائن فلو سے پانچ اموات،انٹی بائیوٹک نہ لینے کا مشورہ

سرینگر// کئی مہینوں سے بارش کیلئے ترساں وادی کشمیر میں سوائن فلو کی بیماری پھیل گئی ہے جس سے ابھی تک قریب نصف درجن افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھنے لگا ہے۔سوائن فلو کے پھیلاو کی وجہ سے وادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے حالانکہ ماہرین نے لوگوں کو افراتفری کا شکار نہ ہونے کی ہدایت دی ہے۔

انٹی وائرل ادویات سوائن فلو سے نپٹنے کا ایک موثر ہتھیار ہے لہٰذا متاثرہ مریضوں کو انٹی بائیوٹک کی بجائے انٹی وائرل ادویات ہی لینی چاہیئں۔

اسپتال ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ حالیہ دنوں میں سوائن فلو کی وجہ سے پانچ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ فلو سے متاثر ہونے کے شک میں مبتلا لوگوں کا اسپتالوں میں رش بڑھ رہا ہے جو ایک چلینج اور باعثِ تشویش معاملہ ہے۔معلوم ہوا ہے کہ فلو کا شکار ہوکر مرچکے پانچ لوگوں میں ایک زنانہ کالج کی وارڈن بھی شامل ہیں کہ جنہیں کئی طرح کے ٹیسٹ کرنے کے بعد ایک نامور اسپتال نے لوٹا دیا تھا اور گھر میں انکی حالت خراب ہونے کے بعد انہیں واپس اسپتال پہنچایا گیا جہاں انکی موت واقع ہوگئی۔حالانکہ وادی میں اس سے قبل بھی کئی بار سوائن فلو پھیلنے کی خبریں آتی رہی ہیں تاہم یہ پہلی بار ہے کہ اس بیماری کی وجہ سے چند ہی دنوں میں کم از کم پانچ افراد مرگئے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ فلو سے بچنے کیلئے علاج کے ساتھ ساتھ احتیاط کی سخت ضرورت ہے۔ڈاکٹروں کی ایک تنظیم ”ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر“نے ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے افراتفری کا شکار نہ ہونے اور انٹی بائیوٹک کی بجائے انٹی وائرل ادویات لینے کیلئے کہا ہے ۔ایسوسی ایشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے”وادی کے ڈاکٹر سوائن فلو کیلئے انٹی بائیوٹک تجویز کررہے ہیں حالانکہ یہ فلو ایک وائرس کی وجہ سے پھیلتا ہے جس پر انٹی بائیوٹک کوئی اثر نہیں کرتے“۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹی وائرل ادویات سوائن فلو سے نپٹنے کا ایک موثر ہتھیار ہے لہٰذا متاثرہ مریضوں کو انٹی بائیوٹک کی بجائے انٹی وائرل ادویات ہی لینی چاہیئں۔تنظیم نے ڈاکٹروں کو بھی انٹی بائیوٹک کی بجائے انٹی وائرل ادویات تجویز کرنے کی صلاح دیتے ہوئے یہ بات دہرائی ہے کہ انٹی بائیوٹک کارآمد نہیں ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سوائن فلو کیلئے انٹی بائیوٹک نہ صرف یہ کہ غیر موثر ہے بلکہ یہ فلو کے شکار مریضوں کی جان کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔

Exit mobile version