سرینگر// حکومت نے آج انتظامیہ میں معمولی ردوبدل کرتے ہوئے سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر شفقت خان سے کارپوریشن کے کمشنر کا چارج واپس لیکر انکی جگہ ریاض احمد وانی (کے اے ایس) کو کارپوریشن کا کمشنر بنادیا ہے۔ ڈاکٹر شفقت خان کو ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محکمہ میں واپس بھیج کر اگلی تعیناتی کیلئے احکامات کے انتظار کیلئے کہا گیا ہے۔
اس حوالے سے آج جاری کردہ ایک حکمنامہ ،نمبر No.1359-GAD of 2017، میں بتایا گیا ہے کہ ایس ایم سی کے ہیلتھ افسر ڈاکٹر شفقت خان کو کمشنر کے اضافی چارج سے فارغ کرکے اربن لوکل باڈیز کے ڈائریکٹر ریاض احمد وانی کو کارپوریشن کا کمشنر مقرر کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر شفقت خان ایس ایم سی میں ہیلتھ افسر کے بطور تعینات تھے تاہم چند ماہ قبل کمشنر کی تبدیلی کے بعد اُنہیں اپنے سے کئی درجہ اعلیٰ عہدے کا چارج دیا گیا تھا جس پر حالانکہ کے اے ایس افسروں نے اعتراض بھی جتایا تھا تاہم سرکار نے اُنہیں کمشنر بنائے رکھا۔ واضح رہے کہ ایس ایم سی میں ابھی تک سینئر کے اے ایس اور آئی اے ایس افسروں کو ہی کمشنر کے بطور تعینات کیا جاتا رہا ہے اور ڈاکٹر خان اس اہم عہدے پر کئی ماہ تک فائز رہنے والے نہ صرف پہلے جونئیر افسر ہیں بلکہ وہ انتظامی کیڈر کی بجائے ایک ڈاکٹر ہیں۔