سرینگر// محکمہ سماجی بہبود کی ایک اشتہاری مہم میں اندرا گاندھی،کرن بیدی،لتا منگیشکر،ثانیہ مرزا اور اس قبل کی دیگر خواتین کے ساتھ ساتھ دخترانِ ملت کی صدر آسیہ اندرابی کی تصویر شامل کرکے اُنہیں خواتین کیلئے قابلِ تقلید شخصیت کے بطور پیش کئے جانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔اس دوران محکمہ کے وزیر سجاد غنی لون نے کہا ہے کہ آسیہ اندرابی جموں کشمیر یا کہیں اور کسی کے لئے بھی رول ماڈل نہیں ہیں بلکہ،بقولِ اُنکے،وہ ایک پریشان حال اور بے مقصد طبقے کی نمائندہ ہیں۔
مرکزی سرکار کی جانب سے چلائی جانے والی ”بیٹی بچاو،بیٹی پڑھاو“مہم کی تشہیر کے تحت گذشتہ دنوں جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران آویزان کئے گئے قد آمد بینر میں بارہ ایسی خواتین کی تصاویر لگائی گئی تھیں کہ جنہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں اور امتیازی کامیابیاؓ حاصل کی ہیں۔آسیہ اندرابی،جو ابھی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سرینگر سنٹرل جیل میں نظربند ہیں،کو پانچویں نمبر پر رکھا گیا تھا اور اُنہیں دخترانِ ملت کی بانی لیڈر کے بطور قابلِ تقلید بتایا گیا ہے۔
محکمہ (سماجی بہبود)یہ بات واضح کرنا چاہتا ہے کہ آسیہ اندرابی نہ جموں کشمیر کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں اور نہ ہی دنیا میں اور کسی جگہ کیلئے۔
حالانکہ اس تقریب میں شریک ہوئے ایک وزیر اور کئی اعلیٰ افسروں میں سے کسی کا اس جانب دھیان نہ گیا تاہم بعدازاں جب اس بینر کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں تو ایک تنازعے نے جنم لیا۔ضلع کمشنر اننت ناگ نے ابتدائی طورچائلڈ ڈیولوپمنٹ پروجیکٹ افسر برنگ کوکرناگ کو،ضو خود ایک خاتون ہیں،معطل کردیا ہے جبکہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔چناچہ محکمہ سماجی بہبود کے وزیر سجاد لون،جو بی جے پی کی حمایت سے وزیر بننے سے قبل خود ع”لیٰحدگی پسند راہنما“تھے،نے ردعمل ظاہر کرنے کیلئے ٹویٹر پر ایک مفصل بیان جاری کیا اور کہا کہ غفلت شعاری کیلئے ذمہ دار شخص کو فوری طور معطل کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ چونکہ اس طرح کی اشتہاری مہم کیلئے پروجیکٹ افسروں کو افسرانِ بالا کی اجازت درکار نہیں ہوتی ہے لہٰذا وہ خود اپنی اشتہاری مہم کا مواد منتخب کرتے ہیں اور اس معاملے میں مذکورہ بالا افسر سے فیصلہ لینے میں سنگین غلطی ہوئی ہے۔اُنہوں نے تاہم کہا کہ آسیہ اندرابی کسی کی رول ماڈل نہیں ہیں۔ سجاد لون کا کہنا ہے کہ محکمہ (سماجی بہبود)یہ بات واضح کرنا چاہتا ہے کہ آسیہ اندرابی نہ جموں کشمیر کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں اور نہ ہی دنیا میں اور کسی جگہ کیلئے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ آسیہ اندرابی دنیا میں حاشیئے پر پڑے پریشان اور بھٹکے ہوئے بے مقصد سماج کی نمائندگی کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے بھاجپا سے ملکرمیں پردے کے پیچھے بڑارول نبھایا:لون