نامور عالمِ دین اور کالم نویس الطاف ندوی کے گھر چھاپہ،لائیبریری تہس نہس

سرینگر// جنوبی کشمیر میں آج فوج نے نامعلوم وجوہات کیلئے نامور عالم دین ،خطیب اور معروف کالم نویس مولانا الطاف حسین ندوی کے گھر چھاپہ مار کر گھریلو سامان، بشمولِ مولانا کی لائیبریری کے،تہس نہس کردیا ہے۔آج صبح اچانک کی گئی اس کارروائی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم فوج نے مولانا کے گھر میں اسبابِ خانہ کو کوئی نقصان پہنچانے کی تردید کی ہے۔

”وہ لوگ بڑے خوفناک انداز میں آئے تھے اور اُنہوں نے نہ صرف گھر کے دیگر سامان کو نقصان پہنچایا بلکہ میری لائیبریری میں گھس کو الماریاں اُلٹ دی گئیں اور کتابوں کو توہین آمیز انداز میں ادھر ادھر پھینک کر ان میں سے کئی ایک کو نقصان پہنچایا گیا“۔

مولانا ندوی نے تفصیلات کو بتایا کہ وہ آج صبح معمول کی طرح سلر پہلگام میں اپنے گھر میں تھے کہ جب فوج کی ایک بھاری جمیعت نے یہاں چھاپہ مار کر کچھ کہے سُنے بغیر گھریلو سامان کو تتر بتر کرنا شروع کردیا جو کہ انتہائی ڈرانے اور حراساں کردینے والا عمل تھا۔اُنہوں نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے اُنکی ذاتی لائیبریری میں موجود سینکڑوں مذہبی کتابوں کا کوئی لحاظ کئے بنا انہیں نہ صرف تتر بتر کیا بلکہ توہین آمیز انداز میں انہیں ادھر ادھر پھینک دیا جس سے کئی کتب کو نقصان پہنچ گیا۔اُنہوں نے کہا”وہ لوگ بڑے خوفناک انداز میں آئے تھے اور اُنہوں نے نہ صرف گھر کے دیگر سامان کو نقصان پہنچایا بلکہ میری لائیبریری میں گھس کو الماریاں اُلٹ دی گئیں اور کتابوں کو توہین آمیز انداز میں ادھر ادھر پھینک کر ان میں سے کئی ایک کو نقصان پہنچایا گیا“۔مولانا ندوی نے مزید کہا کہ فوجی اہلکار ہر چیز کو نقصان پہنچاتے ہوئے گالیاں دے رہے تھے۔

تھانہ پولس سریگفوارہ کے ایس ایچ او پیرزادہ عتیق نے سرینگر میں ایک اخبار کے ساتھ بات کرتے ہوئے مذہبی اسکالر کے گھر فوج کے چھاپے کی تصدیق کی تاہم اُنہوں نے کہا کہ اس گھر کے ساتھ ساتھ دیگر کئی گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔کشمیر ریڈر نے پیرزادہ کو کہتے ہوئے بتایا”میں موقعہ پر ہوں ندوی کے گھر اور اُنکی لائیبریری کو تہس نہس کردیا گیا ہے“۔تاہم پوچھے جانے کے باوجود بھی اُنہوں نے اس فوجی کارروائی کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔سرینگر میں دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے مولانا ندوی کے گھر یا اُنکی لائیبریری کو تہس نہس کرنے کی تردید کی تاہم اُنہوں نے کہا کہ گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا”ہمارے جوانوں نے فقط گھر کی تلاشی لی ہے،گھریلو اسباب کو نقصان پہنچائے جانے کا الزام غلط اور گمراہ کُن ہے“۔

معروف اسلامی انسٹیچیوٹ ندوتہ العلماء کے فارغ مولانا ندوی ایک مقبول خطیب ہونے کے علاوہ نامور کالم نویس ہیں جو ریاست کے مختلف اخباروں کیلئے مکرر کالم لکھتے رہتے ہیں جبکہ اُنکی دو کتابیں بھی چھپ چُکی ہیں۔ اسکے علاوہ وہ فیس بُک پر کافی سرگرم ہیں اور مختلف سماجی ،سیاسی و مذہبی معاملات کو لیکر اظہارِ خیال کرتے رہتے ہیں اور اُنکا فیس بُک پر اور عملی دُنیا میں بڑا حلقہ اثر ہے۔

یہ بھی پڑھیئے معروف خطیب اور کالم نویس الطاف ندوی کو قتل کی دھمکی ،پولس سے رجوع

 

Exit mobile version