لیمو صرف کھانے پینے کی ہی چیز نہیں ہے!

سرینگر// لیموں صرف اس لئے اہم نہیں ہے کہ یہ وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے اور کھانوں کا لطف دوبالا کرتا ہے بلکہ اس لئے بھی کہ اس کے اور بھی بہت سے استعمال ہیں۔ مثال کے طور پر آپ اسے مائیکرو ویو اوون کی صفائی کےلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ اوون کو صاف کرنے کیلئے آپ تین چمچ لیموں کا جوس لے کر اسے ڈیڑھ کپ پانی میں مکس کرلیں اور پھر اسے پانچ سے دس منٹ کیلئے بلند درجہ حرارت پر مائیکرو ویو میں رکھیں۔ جب یہ آمیزہ مائیکروویو کے اندر گرم ہوگا تو اس کی اندرونی سطح پر لگی ہر قسم کی چکنائی کا خاتمہ کردے گا۔ اس کے بعد آپ مائیکروویو کو کسی صاف اور خشک کپڑے سے اندر سے بآسانی صاف کرسکتے ہیں۔

چاولوں کا جڑ جانا بھی ایک عام پایا جانے والا مسئلہ ہے اور لیموں اس کیلئے بہت مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ چاولوں کے ابلنے سے قبل ان میں ایک چمچ لیموں کا رس شامل کردیں تو یہ نہ صرف آپس میں نہیں جڑیں گے بلکہ ان سے بہت اچھی خوشبو بھی آئے گی۔

لیموں جراثیم کے خاتمے اور صفائی کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتا ہے لہٰذا اسے سبزیاں کاٹنے والی تختی کی صفائی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے ایک لیموں کا رس سبزیاں کاٹنے والی تختی پر پھیلائیں اور اسے کسی کپڑے وغیرہ سے اچھی طرح رگڑیں۔ 10 منٹ بعد اسے پانی سے دھولیں اور آپ دیکھیں گے کہ اس پر لگے تمام داغ ختم ہوجائیں گے۔

اگر پیاز یا لہسن کاٹنے کے بعدآپ کے ہاتھوں سے ان کی بو آرہی ہے تو لیموں کے رس کو پانی میں مکس کرکے اس کے ساتھ اپنے ہاتھوں کو دھوئیں، تمام بو ختم ہوجائے گی۔

فریج کے اندر سے ہر قسم کی بو ختم کرنے کیلئے لیموں کے رس میں بھیگی ہوئی روئی کو اس کے اندر کچھ گھنٹوں کیلئے رکھ دیں، آپ دیکھیں گے کہ فریج سے تروتازہ قسم کی خوشبو آنے لگے گی۔

اگر آپ برتنوں کو چمکانا چاہتے ہیں تو ان کے اوپر لیموں کا رس لگا کر رات بھر کیلئے رکھ چھوڑیں اور صبح انہیں لکڑی یا کوئلے کے برادے سے رگڑ کر مانجھ لیں۔ آپ کے برتن نئے جیسے چمکدار ہوجائیں گے۔

Exit mobile version