پُراسرار فائرنگ ، فورسزاہلکار ہلاک، افسر زخمی

سرینگر// بانہال میں گزشتہ رات پیش آمدہ فائرنگ کے ایک پُر اسرار واقعہ میں سیما سرکھشا بل یا ایس ایس بی کے ایک اہلکار ہلاک اور ایک افسر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔پولس اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ فائرنگ جنگجووں نے کی ہے یا پھر یہ برادرکُشی کا واقعہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ شام ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آٰا ہے کہ جب ایس ایس بی کے” ناویوگا انجینئرنگ بیس کیمپ“میں تعینات دو اہلکار پٹرولنگ پر تھے۔ان ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز سننے کے فوری بعد دو اہلکاروں کو خون میں لت پت تڑپتے پایا گیا جنہیں علاج کے لئے سب ضلع اسپتال بانہال پہنچایا گیا تاہم ہیڈکانسٹیبل رام پرویش کی موت واقع ہوگئی جبکہ اے ایس آئی شیام سنگھ اب بھی موت و حیات کی کشمکش میں بتائے جاتے ہیں۔

جس علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں ایک مدت سے جنگجووں کی کوئی موجودگی نہیں ہے لہٰذا اس واقعہ کے جنگجوئیانہ حملہ ہونے کے امکانات بہت کم بتائے جا رہے ہیں۔

پولس کا کہنا ہے کہ مہلوک اہلکار کے سر میں گولی لگی تھی جبکہ زخمی کا چہرہ زخمی ہے اور گولی سر کو چھوتے ہوئے نکل گئی ہے۔پولس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک معمہ بنا ہوا ہے اور اس بات کی تحقیقات ہورہی ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ کس طرح پیش آیا ہے۔پولس چیف ایس پی وید کا تاہم کہنا ہے کہ یہ برادر کُشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ ان دونوں نے آپس میں جھگڑا کیا ہے اور پھر بندوق کے دہانے کھول دئے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ یہ حتمی رائے نہیں ہے بلکہ واقعہ کا سچ مختلف بھی ہو سکتا ہے۔پولس کے مطابق جس علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں ایک مدت سے جنگجووں کی کوئی موجودگی نہیں ہے لہٰذا اس واقعہ کے جنگجوئیانہ حملہ ہونے کے امکانات بہت کم بتائے جا رہے ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ جموں کشمیر میں تعینات فوج،سی آر پی ایف اور دیگر سرکاری فورسز میں برادر کُشی کے واقعات عام ہیں جنکے دوران ابھی تک کئی افسر اور اہلکار ایک دوسرے کی گولیوں کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

Exit mobile version