سرینگر// کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ جس دن وزیرِ اعظم مودی نے جموں کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ ہاتھ ملایا یہ پارٹی اسی دن تباہ ہوگئی تھی۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس نے جموں کشمیر میں ”دہشت گردی کی کمر توڑ دی تھی“لیکن مودی نے پی ڈی پی کو تباہ کرکے یہاں پھر سے ”دہشت گردی“کیلئے جگہ بنائی ہے۔
”اس طرح انہوں(مودی)نے کشمیر میں دہشت گردوں کیلئے بڑی جگہ پیدا کردی ہے،یہی وجہ ہے کہ آپ وہاں تشدد میں اضافہ ہوتے دیکھ رہے ہیں“۔
راہل،جو امریکہ میں سیاستدانوں،دانشوروں اور وہاں رہ رہے بھارتیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیلئے دو روزہ دورے پر ہیں،نے بھارت کی موجودہ سیاست،نوٹ بندی،جموں کشمیر کے حالات اور دیگر مسائل پر تقاریر کیں۔جموں کشمیر کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ہے”پی ڈی پی نے نوجوانوں کو سیاست کی جانب راغب کیا تھا لیکن مودی نے جس دن پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کیا اس نے اسے تباہ کردیا“۔انہوں نے مزید کہا”اس طرح انہوں(مودی)نے کشمیر میں دہشت گردوں کیلئے بڑی جگہ پیدا کردی ہے،یہی وجہ ہے کہ آپ وہاں تشدد میں اضافہ ہوتے دیکھ رہے ہیں“۔انہوں نے کہا کہ جب کانگریس پارٹی نے ریاست میں حکومت شروع کی تھی وہاں جنگجوئیت زوروں پر تھی تاہم حکومت نے اپنے انجام تک ”دہشت گردی کی کمر توڑ دی تھی“۔انہوں نے کہا کہ اس ”کامیابی“پر انہوں نے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو گلے لگاکر انکی تعریفیں کی تھیں۔
راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ وہ عرصہ سے کشمیر کے حوالے سے کام کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ انہوں نے پردے کے پیچھے رہتے ہوئے نو سال تک کشمیر پر کام کیا ہے جبکہ اسکے بعد پی چدمبرم، سابق وزیرِ داخلہ،اور جئے رام رمیش کے ساتھ بھی انہوں نے اس مسئلے پر کام کیا ہے۔