لاہور //پاکستان کی قومی ٹیم اورورلڈالیون کے درمیان پہلاٹی 20 میچ آج شام 7بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلاجائے گاجس کے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کو پاکستان کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ اس ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد ظاہر کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے اور اندازہ لگایا جارہا ہے کہ ٹیم کے اس دورے کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے پوری طرح سے بحال ہونے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
سکیورٹی کے انتظامات اس حد تک سخت کر دئے گئے ہیں کہ 19ایس پیز 45ڈی ایس پیز اور 6ہزارپولیس اہلکاروں کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی کے انتظامات اس حد تک سخت کر دئے گئے ہیں کہ 19ایس پیز 45ڈی ایس پیز اور 6ہزارپولیس اہلکاروں کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔ٹریفک پلان کوبھی حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ مال روڈہوٹل کے سامنے سڑک کی دونوں اطراف ٹریفک کیلئے بندکر دی گئی ہے۔ سٹیڈیم کے اطراف چار درجاتی سیکیورٹی ہوگی،پارکنگ سے سٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلائی جائے گی، شائقین کوپارکنگ سے سٹیڈیم کے انٹری پوائنٹس تک پہنچانے کیلئے38بسیں چلائی جائیں گی،شائقین کی سہولت کیلئے30 کے قریب واٹر کولربھی نصب کر دیئے گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ قذافی سٹیڈیم کودوپہرکے وقت شائقین کیلئے کھولاجائے گا،شائقین کرکٹ کیلئے ٹکٹ اورقومی شناختی کارڈلانالازمی قراردیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اسٹیڈیم کے سبھی داخلہ دروازوں پر شائقین کی تلاشی کیلئے انسانی وسائل کے علاوہ جدید تیکنالوجی سے کام لیا جائے گا جسکے لئے یہاں کئی مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔