سرینگر// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں اآج سرکاری فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے دو میں سے ایک جنگجو کی والدہ کی نس پھٹ گئی ہے اور انہیں نازک حالت میں میڈیکل انسٹیچیوٹ منتقل کیا گیا ہے۔
داوود الہٰی علاقے میں بڑے مشہور تھے جسکا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُنکی نمازِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور جگہ کم پڑنے اور لوگوں کے دیر تک آتے رہنے کی وجہ سے اُنکی نمازِ جنازہ کم ازکم پانچ بار پڑھی گئی
حزب المجاہدین کے دو جنگجووں داوود الٰہی خان اور سیار احمد کو کھڈونی علاقہ میں ہوئی ایک مختصر مڈبھیڑ کے دوران جاں بحق کیا گیا تھا۔ چناچہ داوود کی لاش اُنکے گھر پہنچائے جانے پر اُنکی والدہ سے بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہیں ہوسکا اور وہ بے ہوش ہوگئیں جسکے بعد انہیں پہلے کولگام اور پھر اسلام آباد کے ضلع اسپتال پہنچایا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے اُنکی حالت نازک قرار دیتے ہوئے میڈیکل انسٹیچیوٹ صورہ منتقل کردیا ہے۔
ڈاکٹروں کا حوالہ دیتے ہوئے ذرائع کا کہنا ہے کہ محترمہ کی نس پھٹ گئی ہے اور وہ قریب المرگ ہیں تاہم ڈاکٹر اُنکا علاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ داوود الہٰی علاقے میں بڑے مشہور تھے جسکا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُنکی نمازِ جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور جگہ کم پڑنے اور لوگوں کے دیر تک آتے رہنے کی وجہ سے اُنکی نمازِ جنازہ کم ازکم پانچ بار پڑھی گئی۔