شوپیان//امام صاحب شوپیاں میں سرکاری فورسز نے ایک جنگجو طارق احمد ڈار کو جاں بحق کردیا ہے جبکہ جھڑپ ختم ہونے پر مکان کے ملبے سے ڈرامائی انداز میں زندہ بر آمد ہونے والے ایک جنگجو کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ اپنی نوعیت کا ،غالباَ َ ،پہلا واقعہ ہے کہ جب کسی مکان کے ملبے سے کسی جنگجو کو زندہ بر آمد کرکے پکڑ لیا گیا ہے ۔
امام صاحب شوپیاں میں گذشتہ رات کو ایک جھڑپ ہوئی تھی جس میں طارق احمد ڈار نامی ایک جنگجو جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سرکاری فورسز نے اُس مکان کو پوری طرح زمین بوس کردیا ہے کہ جس میں جنگجو موجود تھے تاہم پولس کے مطابق آج صبح یہاں ایک جنگجو ڈرامائی انداز میں زندہ بر آمد ہوئے جنہیں فوری طور گرفت میں لیکر پوچھ تاچھ کیلئے نامعلوم مقام پر لیجایا گیا ہے۔ گرفتار ہوئے جنگجو کی شناخت عادل احمد چٹی پورہ شوپیاں کے رہائشی ہیں اور وہ گئے مئی میں جنگجو بن گئے تھے۔آزاد ذرائع سے تاہم یہ بات پوری طرح واضح نہیں ہو پائی ہے کہ مذکورہ جنگجو کو مکان کے ملبے سے یا کہاں سے اور کن حالات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ،غالباَ َ ،پہلا واقعہ ہے کہ جب کسی مکان کے ملبے سے کسی جنگجو کو زندہ بر آمد کرکے پکڑ لیا گیا ہے ۔ حالانکہ اس سے دو ایک سال قبل پلوامہ میں ہوئی ایک جھڑپ کے حوالے سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں ایک مکان کے ملبے تلے دبے جنگجو کو کراہتے ہوئے دیکھا گیا تھا تاہم اُن پر پے در پے کئی گولیاں چلا کر اُنہیں جاں بحق کر دیا گیا تھا۔