گجرات سرکارکا مسلمان ڈرائیور کیلئے بہادری کے اعزازکا اعلان

سورت// گجرات حکومت نےگزشتہ روز جنوبی کشمیر کے اسلام آباد ضلع میں حملے کی زد میں آچکی امرناتھ یاتریوں کی بس کے مسلمان ڈرائیور کو بہادری کے اعزاز کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات ریاستی وزیرِ اعلیٰ وجے روپانی نے بتائی جو ہوائی اڈے پرمہلوک یاتریوں کی باقیات حاصل کرنے کیلئے خود حاضر ہوئے تھے۔

”اللہ نے مجھے چلتے رہنے کی ہمت دی تھی….میں بس چلتا رہا اور کہیں نہ رُکا“۔

نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا”ہم اُس بس ڈرائیور کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ جس نے اندھا دند ہورہی فائرنگ کے باوجود گاڑی چلائی اور کئی لوگوں کی جان بچائی۔گجرات سرکار مرکزی سرکار سے ملکر سلیم(بس ڈرائیور) کو بہادری کے اعزاز کیلئے نامزد کرے گی“۔یاد رہے کہ ضلع کے بٹنگو قصبہ میں پولس پر ہوئے ایک حملے کی زد میں آنے والی اس بس میں سوار سات یاتری ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔

بس ڈرائیور سلیم شیخ نے کہا ہے کہ فائرنگ ہر طرف سے ہو رہی تھی لیکن وہ گاڑی چلاتے رہے۔ اُنہوں نے کہا ہے”اللہ نے مجھے چلتے رہنے کی ہمت دی تھی….میں بس چلتا رہا اور کہیں نہ رُکا“۔اندازہ ہے کہ اگر سلیم نے گاڑی روک دی ہوتی تو پھر سات سے بہت زیادہ یاتری ہلاک یا زخمی ہو گئے ہوتے۔

Exit mobile version