سرینگر// کشمیری پنڈتوں کی ایک تنظیم ”کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی“ یا کے پی ایس ایس نے امرناتھ یاتریوں پر گزشتہ روز ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسکے خلاف بدھ کو کشمیر میں عام ہڑتال ”تجویز“کی ہے۔ سمیتی نے مزاحمتی قیادت سے اس تجویز کی حمایت ملنے کی اُمید کا بھی اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا سکتا ہے۔
”کے پی ایس ایس اُمید کرتی ہے کہ سبھی سیاسی جماعتیں ،چاہے وہ ین سٹریم کی ہوں یا علیٰحدگی پسند،اس تجویز کی حمایت کرکے سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرینگی“۔
تفصیلات کو موصولہ سمیتی کے ایک بیان میں کے پی ایس ایس نے کہا ہے کہ وہ غیر شناخت شدہ بندوق برداروں کے حملے میں امرناتھ یاریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی مذمت کرتی ہے۔بیان میں درج ہے”اس حملے سے کشمیر کی اقلیت اور ہندوستان کی اکثریت کے ذہن میں یہ انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ کشمیر اب اُنکے لئے محفوظ نہیں رہا ہے“۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات پر محض مذمتی بیانات کا اجرا کافی نہیں ہو سکتا ہے بلکہ انسانیت کو نقصان پہنچانے کی تاک میں بیٹھی طاقتوں کو واضح پیغام پہنچایا جانا چاہیئے۔
پنڈت تنظیم نے کہا ہے کہ وہ غیر شناخت شدہ بندوق برداروں کے ہاتھوں یاتریوں کی ہلاکت کے خلاف بدھ کیلئے وادی میں ”ہڑتال تجویز کرتی ہے“۔بیان میں درج ہے”کے پی ایس ایس اُمید کرتی ہے کہ سبھی سیاسی جماعتیں ،چاہے وہ ین سٹریم کی ہوں یا علیٰحدگی پسند،اس تجویز کی حمایت کرکے سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرینگی“۔