سرینگر// محبوبہ مفتی کی سرکار نے آج لگاتار تیسرے جمعہ کو بھی سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی ۔لوگوں کو مسجد تک پہنچنے سے روکنے کے لئے سبھی راستوں کو مسدود کردیا گیا تھا جبکہ مسجد کے سبھی پھاٹک مقفل تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قراردئے جانے کے امریکی فیصلے کے خلاف ہونے والے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ان ذرائع کے مطابق سرکاری انتظامیہ کو جامع میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہونے کا خدشہ تھا اور اسی وجہ سے جامع کے آس پاس کے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ جامع مسجد میں رمضان کے آخری جمعہ کو بھی نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔