مسلمان لڑکیاں نوکری کرنے سے اجتناب کریں: محمد قاسم

محمد قاسم

سرینگر// مسلم دینی محاذ کے امیر اور خواتین تنظیم دخترانِ ملت کی صدر سیدہ آسیہ اندرابی کے شوہر محمد قاسم نےمسلمان لڑکیوں کو سرکاری یا نجی نوکری کرنے سے اجتناب کرنے کی ”گذارش“ کی ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ نوجوان لڑکوں کو شادی کے لئے لڑکی کے نوکری پیشہ ہونے کی شرط نہیں لگانی چاہیئے۔

بھارت کی کئی غیر سرکاری تنظیمں سروے کی بنیاد پر یہ بات کہہ چکی ہیں کہ نوکری کرنے والی 53 فیصد خواتین کو دورانِ نوکری کسی نہ کسی سطح پر جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تفصیلات کو بھیجے گئے ایک بیان میں محمد قاسم نے کہا ہے ” نوجوان لڑکے شادی کے لئے لڑکیوں کی نوکری شرط نہ بنائیں اور لڑکیوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ سرکاری اور پرائیوٹ نوکریوں ،بالخصوص بھارتی کمپنیوں اور فیکٹریوں میں ، سے اجتناب کریں“۔ اُنہوں نے کہا ہے ”اسلام نے گھر کی معاشی ذمہ داری بنیادی طور مردوں پر عائد کی ہے مگر عورتوں کی معاشی سرگرمی پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے لیکن لازم ہے ان کی یہ معاشی سرگرمی دائرہ اسلام میں ہو ، اس سے ان کی ماں اور بیوی کی حیثیت متاثر نہ ہوتی ہو اور یہ عزت ونامو س کی قیمت پر نہ ہو“۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی کئی غیر سرکاری تنظیمں سروے کی بنیاد پر یہ بات کہہ چکی ہیں کہ نوکری کرنے والی 53 فیصد خواتین کو دورانِ نوکری کسی نہ کسی سطح پر جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

”لڑکے جب لڑکیوں کے لئے نوکری کی شرط رکھتے ہیں ، نوکری حاصل کرنا لڑکیوں کے لئے موت وحیات کا مسلہ بن جاتا ہے“۔

مُسلم دینی محاذ کے امیر کا کہنا ہے ”تعلیم حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پھر لازماً لڑکیاں نوکری ہی کریں! وہ چاہیں تو اپنے گھر میں یا محلے میں کوچنگ سنٹر قائم کرسکتی ہیں،کئی لڑکیاں مل کر لڑکیوں کے لئے اسکول قائم کرسکتی ہیں اور اس طرح نہ صرف لڑکیوں کو تعلیم دے سکتی ہیں بلکہ با عزت طور معاش بھی حاصل کرسکتی ہیں،وہ چاہیں تو اپنے باپ، بھائی اور دیگر محرم رشتہ داروں کے ساتھ مل کر کاروبار کر سکتی ہیں، اور کئی لڑکیاں مل کر ایسا کاروبار کرسکتی ہیں جو صرف خواتین سے متعلق ہو“۔

مسلمان لڑکوں سے شادہ کے لئے لڑکیوں کے نوکری پیشہ ہونے کی شرط نہ رکھنے کے لئے کہتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے ”لڑکے جب لڑکیوں کے لئے نوکری کی شرط رکھتے ہیں ، نوکری حاصل کرنا لڑکیوں کے لئے موت وحیات کا مسلہ بن جاتا ہے“۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بے روز گاری اور بُرائیوں پر کئی صورتوں میں قابو پایا جاسکتا ہے تاہم ان صورتوں کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ بیان میں محمد قاسم سے منسوب کرکے بتایا گیا ہے ”میں جوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شادی کے لئے لڑکیوں کی نوکری کی شرط نہ رکھیں اور اپنی دینی اور ملی غیرت کا مظاہرہ کریں“۔

Exit mobile version