صلاح الدین کے سامنے سرکار کی بے بسی سے دلی والوں کا مذاق بنا ہے:انجینئر رشید

حزب کمانڈر کے علاوہ صلاح الدین جہاد کونسل کے سربراہ بھی ہیں

سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ ریاستی سرکار متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے سامنے بے بس ہے جس سے نئی دلی کی پروپیگنڈہ مہم کا مذاق بن گیا ہے۔ ریاستی سرکار پر کشمیری طلباءکے تعلیمی کیرئر کو تباہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ 6جولائی سے گرمائی چھٹیوں کا اعلان کرنے کی کوئی جوازئیت نہیں ہے۔

آج یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی سرکار سید صلاح الدین کے دئے ہوئے احتجاجی کلینڈر کے سامنے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ چونکہ کشمیر کے تعلیمی سال کا بیشتر حصہ ،سرکاری فورسز کی طرفسے تعلیمی اداروں میں بربریت کی وجہ سے پیدا شدہ، امن و قانون کی صورتحال کی نذرہوچکا ہے اور اب رہی سہی کسر سرکار کے بلا جواز فیصلے نے پوری کر لی ہے۔

گرمائی چھٹیوں کا بلا جواز فیصلہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ عسکری قیادت کو حد درجہ عوامی حمایت حاصل ہے اور اسکے کلینڈروں اور پروگراموں پر لوگ پوری طرح عمل کرتے ہیں جبکہ سرکار بے بس اور بہانہ بنانے پر مجبور ہے۔

عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ چونکہ متحدہ جہاد کونسل کے چیف نے معروف عسکری کمانڈر بُرہان وانی کی پہلی برسی پر مختلف پروگراموں کا کلینڈر جاری کیا ہوا ہے ایسا لگتا ہے کہ ریاستی سرکار بے بس ہوکر اسکولوں میں چھٹی کا بہانہ کرکے خفت سے بچنا چاہتی ہے۔انکا کہنا ہے کہ وادی میں عام طور پر گرمائی چھٹیوں کا اعلان تب ہی کیا جاتا ہے کہ جب درجہ حرارت نا قابل برداشت حد تک بڑھ جاتا ہے لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ آج جب درجہ حرارت انتہائی معتدل ہے سرکار نے گرمائی چھٹیوں کا الان کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گرمائی چھٹیوں کا بلا جواز فیصلہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ عسکری قیادت کو حد درجہ عوامی حمایت حاصل ہے اور اسکے کلینڈروں اور پروگراموں پر لوگ پوری طرح عمل کرتے ہیں جبکہ سرکار بے بس اور بہانہ بنانے پر مجبور ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ریاستی سرکار کے سید صلاح الدین کے جاری کردہ احتجاجی کلینڈر کے سامنے بے بس ہونے سے نئی دلی کی وہ پروپیگنڈہ مہم ایک مذاق بن گئی ہے کہ جو اس نے متحدہ جہاد کونسل کے چیف کو نام نہاد عالمی دہشت گرد قرار دئے جانے کے بعد شروع کی ہوئی ہے۔

Exit mobile version