حزب کے2جنگجووں 2اعانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ

ہندوارہ// شمالی کشمیر میں پولس نے فوج کے ساتھ ملکر حزب المجاہدین کے ایک گروہ کو پکڑ کر تنظیم کو اسلحہ و گولہ بارود پہنچائے جانے کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ گروہ کے دو جنگجووں اور انکے دو اعانت کاروں یا اپرگراونڈ ورکروں(OGW’s)کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آ جی شمالی کشمیر نتیش کمار نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ پولس کے سپیشل آپریشن گروپ اور فوج کی21آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے ایک مشترکہ اور ڈرامائی کارروائی کے دوران دو جنگجوﺅں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔دونوں کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پولیس اور فوج نے ہندوارہ میں چوگل کے مقام پر بٹھائے گئے ناکے پر عبید شفیع ملہ ولد محمد شفیع اور معراج الدین بٹ ولد گلزار احمد بٹ ساکنان اونتی پورہ ضلع پلوامہ کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا کہ جب دونوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کو دبوچ کر حراست میں لیا۔ڈی آئی جی شمالی کشمیر کے مطابق دونوں کی تلاشی لینے پر ان کی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود کی بھاری مقدار برآمد کی گئی جس میں چینی ساخت کے دو پستول ، دو میگزین، گولیوں کے16راﺅنڈ، 4اے کے میگزین ،120اے کے راﺅنڈ اور4گرینیڈ شامل ہیں۔

چھان بین کے دوران گرفتار شدگان کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ حزب المجاہدین کے ایک نیٹ ورک کا حصہ ہیں اورنہ صرف نوجوانوں کوجنگجوبننے پر مائل کرنے کےلئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے تھے بلکہ بعد میں ان کی تربیت اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے کا انتظام بھی کرتے تھے۔

نتیش کمار نے دعویٰ کیا کہ دونوں حزب المجاہدین کے سرگرم جنگجو ہیں جواپنے ساتھیوں سے اسلحہ حاصل کرنے کی غرض سے ہندوارہ آئے تھے اور یہ اسلحہ جنوبی کشمیر میں حزب جنگجوﺅں تک پہنچانا مقصود تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ دوران تفتیش دونوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ وہ اسلحہ اور دیگر سازوسامان لینے آئے تھے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی چھان بین کے دوران گرفتار شدگان کے بارے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ حزب المجاہدین کے ایک نیٹ ورک کا حصہ ہیں اورنہ صرف نوجوانوں کوجنگجوبننے پر مائل کرنے کےلئے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے تھے بلکہ بعد میں ان کی تربیت اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے کا انتظام بھی کرتے تھے۔

پولس کا کہنا ہے کہ اس کے سائبر سرولنس یونٹ نے سوشل میڈیا نیٹ ورک پردونوں کے اکاﺅنٹ کی جانچ پڑتال کے دوران قابل اعتراض مواد پایا ہے اور اس کی مزید چھان بین جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عبید اور معراج کی نشاندہی پراونتی پورہ سے حزب کے دو اوور گراﺅنڈ ورکروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ان کے نام شاہد احمد ٹھوکر اور عرفان احمد کے بطور ظاہر کئے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔

Exit mobile version