سرینگر// شوپیاں کے گناپورہ گاوں کے محاصرے کے دوران سرکاری فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک نوجوان نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا ہے۔عادل احمد ماگرے کئی دیگر گاوں والوں سمیت اُسوقت زخمی ہوگئے تھے کہ جب فوج،پولس اور دیگر سرکاری فورسز نے گناپورہ میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملنے پر یہاں کا محاصرہ کرنا شروع کیا تھا اور لوگوں نے مزاحمت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ عادل کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور وہ اسپتال پہنچائے جانے سے قبل ہی ٹھنڈے پڑ گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری فورسز نے جونہی یہاں کا محاصرہ کرنا شروع کیا لوگوں نے گھروں سے باہر آکر احتجاجی مظاہرے کئے اور پھر سرکاری فورسز کی جانب سے طاقت کا استعمال کئے جانے کے ردِ عمل میں ان پر پتھر پھینکنا شروع کیا۔ان ذرائع کے مطابق سرکاری فورسز نے شدید فائرنگ کی جسکی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوئے ۔
عادل ماگرے کو شدید حالت میں شوپیاں کے ضلع اسپتال پہنچایا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔معلوم ہوا ہے کہ عادل کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور وہ اسپتال پہنچائے جانے سے قبل ہی ٹھنڈے پڑ گئے تھے۔ذرائع کے مطابق علاقے میں حالات کشیدہ ہیں ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔