این آئی اے کی چھاپہ ماری جاری،ایاز اکبر کے گھر کی تلاشی

سرینگر// نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی یا این آئی اے نے سرینگر میں اپنی چھاپہ ماری کو آج ،اتوار کو، دوسرے دن بھی جاری رکھتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی کے ترجمان ایاز اکبر اور ایک کاروباری شخص کے گھر کی تلاشی لی۔ذرائع کے مطابق این آئی اے کی ایک ٹیم نے صبح سویرے سرینگر کے مضافات میں ملرو کے مقام پر سید علی شاہ گیلانی کے ترجمان ایاز اکبر کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ان ذرائع کے مطابق ایجنسی کی ایک اور ٹیم نے بمنہ میں ایک کاروباری شخص کے یہاں چھاپہ مارا اور تلاشی لی تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا ان گھروں سے کچھ نقدی یا کوئی اور دستاویز وغیرہ بر آمد ہوئی ہے یا نہیں۔

مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے دھونس دباو کا ایک اوچھا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کسی بھی صورت میں آزادی کشمیر کے مطالبہ سے دستبردار نہ ہونے کا عزم جتایا ہے

واضح رہے کہ نعیم احمد خان اور دیگراں کی جانب سے ایک ٹیلی ویژن اسٹنگ آپریشن میں علیٰحدگی پسندوں کی فنڈنگ کے متعلق سنسنی خیز باتیں کہے جانے کے بعد این آئی اے نے اس حوالے سے ایک معاملہ درج کرکے اسکی تحقیقات شروع کی ہوئی ہے۔ایجنسی نے گزشتہ روز سرینگر،ہریانہ اور دلی میں کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔کل سرینگر میں جن لوگوں کے یہاں تلاشی ہوئی اُن میں نعیم خان،بٹہ کراٹے،الطاف فنتوش، راجہ معراج الدین،ظفر اکبر،ظہور وٹالی،شاہدالاسلام،نور محمد کلوال وغیرہ شامل ہیں۔مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اسے دھونس دباو کا ایک اوچھا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے کسی بھی صورت میں آزادی کشمیر کے مطالبہ سے دستبردار نہ ہونے کا عزم جتایا ہے۔

Exit mobile version