امام صاحب شوپیاں میں بنک پر حملہ،گارڈ سے ہتھیار چھیننے کی کوشش

سرینگر//جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں نا معلوم افراد نے ایک بنک گارڈ کی آنکھوں میں مرچی پھینک کر اُنسے ہتھیار چھین لینے کی ناکام کوشش کی۔اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے یا پکڑے جانے کی اطلاع نہیں ہے تاہم پولس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ واقع ضلع کے امام صاحب قصبہ کا ہے کہ جہاں قائم جموں کشمیر بنک کی شاخ کی حفاظت پر معمور اہلکار کی آنکھوں میں دو نامعلوم افراد نے مرچی پھینکی اور انکا ہتھیار چھین لینے کی کوشش کی۔ان ذرائع کے مطابق گارڈ نے شور مچایا اور حملہ آور ناکام ہوکر فرار ہوگئے۔
شوپیاں کے ایس پی کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انکے مطابق حملہ آور دو تھے اور یہ پتہ لگایا جارہا ہے کہ وہ کون تھے اور کہاں فرار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بنک گارڈ کے پاس بارہ بور رائفل تھی۔جنوبی کشمیر میں اس سے قبل جنگجووں کی جانب سے ہتھیار چھیننے کی کئی کامیاب اور ناکام کوششیں کی جاتی رہی ہیں اور دو ایک سال میں یہاں سے قریب ایک سو رائفلیں اڑالی گئی ہیں۔

Exit mobile version