سرینگر//حریت کانفرنس کے ایک دھڑے کے احتجاجی پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے انتظامیہ نے آج سرینگر شہر کے تین پولس تھانوں کے تحت آنے والے علاقے میں کرفیو جیسی پابندی عائد کردی ہے جبکہ سید علی شاہ گیلانی کی قیادت والی حریت کانفرنس کے ایک اجلاس کو بھی ناکام بنایا گیا ہے ۔سید گیلانی کی حریت نے نعیم خان اور ایک دوسرے شخص کا ایک ٹیلی ویژں چینل کے ذرئعہ کئے گئے اِسٹنگ آپریشن میں ان لیڈروں کے دئے ہوئے متنازعہ بیانات پر غور کرنے کے لئے اجلاس طلب کیا ہوا تھا۔
سید گیلانی کے ایک ترجمان نے بتایا”ہم نے نعیم خان کے اسٹنگ آپریشن پر غور وخوض کے لئے حریت کانفرنس میں شامل پارٹیوں کو اجلاس کے لئے بلایا تھا لیکن پولس اور فورسز کی بھاری جمیعت نے یہاں کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور اجلاس کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی“۔اُنہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سید گیلانی،جو اب ایک طویل عرصہ سے حیدرپورہ میں اپنی رہائش گاہ کے اندر نظربند ہیں، کے یہاں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نعیم خان والا معاملہ انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور اس پر آج مفصل غوروخوض کیا جانے والا تھا۔یاد رہے کہ دلی کی ایک ٹیلی ویژن چینل نے نعیم خان کا اِسٹنگ آپریشن کرکے انسے انتہائی متنازعہ بیان دلایا ہے۔