آسیہ اندرابی کی حالت تشویشناک،آکسیجن پر رکھا گیا

سرینگر//
خواتین تنظیم دختران ملت نے کہا ہے کہ تنظیم کی محبوس سیدہ آسیہ اندرابی کی صحت تشویشناک حد تک بگڑ گئی ہے اور انہیں مصنوعی طریقے سے آکسیجن پہنچائے جانے کے باوجود بھی اسپتال میں بھرتی نہیں کیا جارہا ہے۔تنظیم کی جنرل سکریٹری ناہیدہ نسرین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ استھما کی مریض سیدہ آسیہ اندرابی موسم میں تبدیلی کی وجہ سے ویسے ہی کافی بیمار چل رہی تھیں تاہم اب ہفتوں سے گردو غبار سے اٹے ہوئے رامباغ پولس تھانہ میں بند اُنکی حالت تشویشناک حد تک خراب ہوگئی ہے۔

ناہیدہ نسرین نے کہا ہے”(چناچہ جہانگیرچوک -رامباغ)فلائی اوور پر کام جاری ہونے کی وجہ سے اسکے قریب واقع رامباغ کے زنانہ پولس تھانہ میں کافی گردوغبار آتا ہے جسکی وجہ سے باجی صاحبہ کی حالت انتہائی نازک ہوگئی ہے۔تھانے میں حالت یہ ہے کہ وہ ٹھیک سے سانس بھی نہیں لے پارہی ہیں“۔اُنہوں نے کہا ہے کہ چھاتی کے امراض کے اسپتال میں ڈاکتروں نے سیدہ آسیہ اندرابی کو اسپتال میں بھرتی کرنے کی تجویز دی تھی لیکن اسکے باوجود بھی اُنہیں تھانے میں بند رکھا گیا ہے جہاں اب اُنکے لواحقین نے انکے لئے ایک آکسیجن سلینڈر کا انتظام تو کر لیا ہے تاہم گردوغبار اور گندگی کی وجہ سے اُنہیں بہت زیادہ افاقہ نہیں ہو پارہا ہے۔

حکومت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے دختران ملت کی جنرل سکریٹری نے کہا ہے کہ تنظیم کی صدر کو انتہائی علالت کے باوجود بھی غیر قانونی طور حراست میں رکھا جا رہا ہے۔سرکار کی جانب سے سیدہ آسیہ اندرابی کے خلاف انتقام گیری جاری ہونے کا الزام لگاتے ہوئے نسرین نے کہا ہے”ایسا لگتا ہے کہ اُنہیں حراست میں ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ایسا ہوا تو اسکے انتہائی بُرے نتائج ہونگے“۔قابلِ ذکر ہے کہ سیدہ آسیہ اندرابی کو حال ہی اُنکے صورہ میں واقع گھر سے ،اُنکی معاون فہمیدہ صوفی سمیت، گرفتار کرکے رامباغ کے زنانہ پولس تھانہ میں بند کردیا گیا تھا۔

Exit mobile version