دیوار گرنے سے شادی میں شامل24مہمان ہلاک

مغربی ریاست راجستھان کے بھرت پور میں شادی کی ایک تقریب کے دوران گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔شادی میں آنے والے مہمانوں نے اچانک تیز بارش سے بچنے کے لیے ایک دیوار پر رکھی جسد کی چادر کے نیچے پناہ لے رکھی تھی کہ اچانک ان لوگوں پر دیوار گر گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ شہر بھرت پور میں پیش آیا ہے۔حکام کے مطابق 28 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 15 افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق گرنے والی دیوار کے سائے میں ہی شادی کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔اخبارات نے مقامی پولیس افسر انیل ٹانک کے حوالے سے لکھا ہے کہ ”تیز طوفانی آندھی کی وجہ سے شادی کے مقام پر دیوار اور اس پر رکھی جسد کی چادر گر گئی“۔ان کا کہنا تھا کہ دیوار تقریباً 27 میٹر لمبی اور 13 فٹ اونچی تھی جس کے نیچے بیٹھے بہت سے مہمان اس کی زد میں آگئے۔انیل ٹانک کا کہنا تھا”زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا اور ان کا علاج جاری ہے“۔ریاست راجستھان کا ضلع بھرت پور دارالحکومت دلی سے جنوب میں تقریباً 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

Exit mobile version