سرینگر//
جنوبی کشمیر میں پولس کا کہنا ہے کہ اس نے جنگجووں کی جانب سے اغوا کردہ ایک نجی گاڑی کو بر آمد کرلیا ہے۔ پولس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کل دیر رات محمد رفیق ڈار ساکن سانبورہ پانپور نے گڈورہ گاوں سے انکی آلٹو کار اغوا کرلئے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔ ڈار نے بتایا تھا کہ پانچ مسلح جنگجو انکی کار لیکر فرار ہوگئے ہیں۔
پولس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے دوران دیر رات مغویہ کار کو کاکہ پورہ پلوامہ کے مضافات میں نمن نامی گاوں سے بر آمد کیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ جنگجووں نے گاڑی کو کہیں جانے کے لئے استعمال کیا ہوگا اور پھر اسے یہاں چھوڑ دیا گیا ہوگا۔ پولس نے گاڑی کو ابھی اپنی تحویل میں ہی رکھا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔