سرینگر//
وادی کشمیر میں سرگرم ڈاکٹروں کی ایک تنظیم ”ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر“ یا ڈی اے کے نے آج یہاں اپنی ویب سائٹ جاری کردی ہے۔تنظیم کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ جو انٹرنیٹ پر www.doctorsassociationkashmir.com پتہ رکھتی ہے عام لوگوں کو صحت کے حوالے سے تفصیلی اور مناسب جانکاری بہم پہنچائے گی۔
اس حوالے سے سرینگر کے صدر اسپتال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تنظیم کے صدر ڈاکٹر نسار الحسن کے علاوہ دیگر کئی ڈاکٹروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈاکٹر نسار الحسن نے کہا کہ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر کی ویب سائٹ لوگوں کو صحت کے بارے میں جانکاری دے گی اور وہ صحت سے متعلق مختلف مسائل کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کر سکیں گے جبکہ تنظیم کو صحت کے ان مسائل کا تدارک کرنے کے اقدامات میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ویب سائٹ کا مینو انتہائی سہل بنادیا گیا ہے اسلئے اس پر آنے والوں کو اپنے مقصد کی معلومات حاصل کرنے میں کوئی دقعت پیش نہیں ہوگی۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر مقامی ڈاکٹروں کی ایک انجمن ہے جو ڈاکٹروں کو درپیش ملازمت وغیرہ کے مسائل کے حل کے علاوہ صحت کے بارے میں عوامی جانکاری پھیلانے میں مصروف ہے۔