بھاجپا کارکن کے گھر حملہ،محافظ اہلکار اورجنگجو از جان!

فائل فوٹو

سرینگر کے مضافاتی ضلع گاندربل میں بی جے پی کے ایک غیر معروف کارکن کے گھر پر حملے کے دوران مذکورہ کی حفاظت پر مامور پولس اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ جوابی حملے میں ایک جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔بھاجپا کارکن تاہم حملے میں بچ نکلے ہیں اور صحیح سلامت ہیں۔
اس دوران جنوبی کشمیر میں فوج اور سرکاری فورسز کی دیگر ایجنسیوں نے ایک چھاپہ مار کارروائی میں تین جنگجوؤں کو مار گرایا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے مضافاتی ضلع گاندربل کے نُنر قصبہ میں جنگجوؤں نے بی جے پی کے ایک مقامی کارکن غلام حسن راتھر پر گولیاں چلائیں تاہم وہ بچ گئے۔گولیاں لگنے سے البتہ غلام حسن کی حفاظت پر مامور ایک پولس اہلکار زخمی ہوگئے جنکی بعدازاں اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔چناچہ ہلاک ہونے سے قبل مذکورہ پولس اہلکار نے جوابی فائرنگ کرکے ایک جنگجو کو مار گرایا جنکی شناخت جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے شبیر احمد کے بطور کرتے ہوئے جموں کشمیر پولس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے کہا کہ وہ حزب المجاہدین کے سابق چیف ریاض نائیکو کے دستِ راست رہے ہیں اور ابھی انہیں ٹارگٹ کِلنگ کا کام ملا ہوا تھا۔واضح رہے کہ ریاض نائیکو کو 6 مئی کو فورسز نے اونتی پورہ پلوامہ میں انکے آبائی گاؤں میں ایک طویل جھڑپ کے دوران مار گرایا تھا۔
ڈی جی پی سنگھ نے کہا کہ غلام حسن راتھر اپنے محافظ پولس اہلکاروں الطاف احمد اور جہانگیر کے ساتھ گھر سے کہیں اور کیلئے نکل رہے تھے کہ جب جنگجوؤں نے حملہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے واپس حملہ کرکے ایک جنگجو کو مار گرایا جبکہ وہ خود زخمی اور پھر ہلاک ہوگئے۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں سُگن نامی گاؤں کے ایک گھر میں چھپے جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کرکے سرکاری فورسز نے سبھی تین جنگجوؤں کو مار گرایا ہے۔ایک پولس ترجمان نے بتایا کہ گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی کی شہہ پاتے ہی فوج،پولس اور سی آر پی ایف کے جوانوں نے یہاں کا محاصرہ کر لیا تھا۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ محصور جنگجوؤں کو ہتھیار ڈالنے کی صورت میں جان کی امان دئے جانے کی پیشکش کی تھی جسے ٹھکراتے ہوئے انہوں نے جھڑپ چھیڑی اور مارے گئے۔تینوں جنگجوؤں کی شناخت مقامی نوجوانوں کے بطور ہوئی ہے اور اُنکا تعلق جموں کشمیر کی سب سے پُرانی اور فعال جنگجو تنظیم حزب المجاہدین سے بتایا گیا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال کے دوران جنوبی کشمیر میں سرکاری فورسز نے جنگجوؤں کے خلاف کئی کامیاب آپریشن کرکے دو سو یا اس سے بھی زیادہ جنگجوؤں کو مار گرایا ہے جن میں ریاض نائیکو اور دیگر کئی اہم کماندار بھی شامل ہیں۔
 

Exit mobile version