مرتضیٰ شبلی لاہور میں پُراسرار حادثے میں زخمی!

مسئلہ کشمیر سے متعلق ایک ’’غیر روایتی انٹرویو‘‘ دینے کے محض چند روز بعد آج معروف کشمیری صحافی مرتضیٰ شبلی لاہور پاکستان میں ایک پُراسرار سڑک حادثے کا شکار ہوکر بال بال بچ گئے ہیں۔ یہ بات خود انہوں نے ایک فیس بُک پوسٹ میں بتائی ہے۔
درخواستِ دعا کے ساتھ اس پوسٹ میں شبلی نے بتایا ہے کہ ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے انہیں ٹکر مار کر گرادیا جس سے وہ بیہوش ہوگئے۔انہوں نے کہا ہے کہ بعض لوگ اس واقعہ کو عمداََ کیا گیا حملہ بتارہے ہیں تاہم انہیں کوئی اندازہ نہیں ہے کیونکہ وہ حادثے کا شکار ہونے کے ساتھ ہی بیہوش ہوگئے تھے۔ شبلی کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت انہیں کسی شخس نے شکل سے پہچان لیا تھا جنہوں نے انکے گھر اطلاع کی جسکے بعد انہیں جناح اسپتال پہنچایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے ’’میرے سر پر چوٹ لگی ہے،سی ٹی اسکین میں سطحی چوٹیں نظر آئی ہیں لیکن میرا سر بھاری لگ رہا ہے،حیرانگی کی بات ہے کہ مجھے حادثے کے بارے میں کچھ یاد نہیں آرہا ہے کیونکہ میں بیہوش ہوگیا تھا‘‘۔انہوں نے کہا ہے کہ انہیں یہ محض ایک حادثہ لگتا ہے جسے ،بقولِ اُنکے، اُنکے حالیہ انٹرویو کے ساتھ جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہیئے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مرتضیٰ شبلی جنوبی کشمیر میں بجبہاڑہ قصبہ کے رہائشی ہیں تاہم وہ عرصہ تک برطانیہ میں رہنے کے بعد کچھ سال سے پاکستان میں مقیم ہیں اگرچہ انکا وطن آنا جانا جاری ہے۔ انہوں نے چند روز قبل پاکستان میں ایک یو ٹیوب چینل پر مسئلہ کشمیر پر انٹرویو دیا ہے جو سرینگر سے اسلام آباد تک کے مختلف حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔اس انٹرویو میں اُنہوں نے پاکستان کی ’’کشمیر پالیسی‘‘ پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے بعض ’’متنازعہ تجاویز‘‘ پیش کی ہیں۔

Exit mobile version