سرینگر/28 سریگفوارہ پہلگام کے ایک مضافاتی گاوں کاٹھسو کے ایک نوجوان تاجر کی نئی دلی میں حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 28سالہ عاشق حسین بٹ ایک عرصہ سے دلی اور اسکے مضافات میں شال دو شالوں کا کام کرتے تھے اور اتوار کی شام کو انکا دوران سفر انتقال ہوگیا ہے۔
کاٹھسو میں مذکورہ نوجوان کے رشتہ داروں نے بتایا کہ انہیں ملی اطلاعات کے مطابق عاشق حسین ایک بس کے ذرئعہ معمول کے کام سے کہیں جارہے تھے کہ اس دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑگیا اور وہ گر گئے۔حالانکہ انہیں اسپتال پہنچایا گیا تھا تاہم وہ راستے میں ہی ٹھنڈے ہوچکے تھے۔ عاشق کے ساتھی تاجروں نے بعدازاں انکے گھر اطلاع دی تو پورے گاوں میں کہرام مچ گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ابھی تک مذکورہ نوجوان کی لاش انکے گھر پہنچنا باقی ہے اور اندازہ ہے کہ پیر کی شام تک اسے دلی سے انکے گھر پہنچایا جائے گا جہاں انکی آخری رسومات انجام پائیں گی۔ سوگوار گاوں والوں کا کہنا ہے کہ متوفی ایک ہر دلعزیز اور شریف النفس نوجوان تھے جسکی وجہ سے انکے اچانک انتقال کی خبر سننے پر پورا علاقہ سکتے میں آگیا ہے۔