نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی نے حیرانکن طور پر پارٹی کے دیرینہ دلت لیڈر اور بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کو صدارتی اُمیدوار کے بطور نامزد کردیا ہے۔یہ اعلان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے پارٹی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بارے میں این ڈی اے کے تمام ساتھیوں کو اطلاع دے دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھی امیدوار کے نام سے آگاہ کر دیا ہے ۔
امت شاہ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کووند کو الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں بی جے پی اور این ڈی اے نے مختلف جماعتوں کے ساتھ صدارتی امیدوار کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس سے سامنے آئے خیالات کی بنیاد پر پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں طویل فہرست پر غور وخوض کیا گیا اور آخر میں بہار کے گورنر رام ناتھ کووندکا نام طے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کووند کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے اوروہ 12 سال تک راجیہ سبھا کے رکن رہے ہیں۔ وہ بی جے پی درج فہرست ذات سیل کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں وکالت بھی کر چکے ہیں۔بی جے پی صدر نے کہا کہ نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ مسٹر کووند سے بات چیت کر نے کے بعدطے کی جائے گی لیکن امکان ہے کہ 23 جون کو کاغذات نامزدگی داخل کر دیا جائے گا۔