سرینگر(نُمائندۂ تفصیلات)
جموں و کشمیر پولیس نے بڈگام میں کمسن لڑکی کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ’’مُدثر‘‘ نامی ایک ملزم کو واقعہ پیش آنے کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس اس بہیمانہ جرم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزا دلانے کو یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ بڈگام کے گلوان پورہ علاقے میں ہفتہ کے روز 12 سالہ لڑکی کو مبینہ طور اغوا کرکے اس کے ساتھ عصمت دری کی گئی اور بعد ازاں اسے قتل کردیا گیا، جس سے پوری وادی میں شدید صدمے اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
بڈگام کے گلوان پورہ علاقے میں ہفتہ کے روز 12 سالہ لڑکی کو مبینہ طور اغوا کرکے اس کے ساتھ عصمت دری کی گئی اور بعد ازاں اسے قتل کردیا گیا
اتوار کے روز کمسن لڑکی کی لاش اس کے گاؤں کے نزدیک ایک کھیت سے برآمد ہونے کے بعد پولیس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔ لڑکی 23 مئی کو لاپتہ ہوگئی تھی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بڈگام کے کے ہری پرساد نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ معاملہ عصمت دری اور قتل کا معلوم ہوتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، مختلف سیاسی رہنماؤں، مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی گروپوں نے اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔

























