سرینگر// جنوبی کشمیر کے اسلام آباد ضلع میں اتوار دیر رات کو فوج اور دیگر سرکاری فورسز نے تین جنگجووں کو جاں بحق کردیا ہے جن میں صورہ سرینگر کے نامور اور اعلیٰ تعلیم یافتہ جنگجو عیسیٰ فاضلی عرف عیسیٰ روح اللہ بھی شامل ہیں۔ سرکاری انتظامیہ نے اس واقعہ کے خلاف بھاری پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہونے اور تشدد بھڑک اُٹھنے کے خدشات کے پیشِ نظر سرینگر کے پائین علاقہ میں کرفیو جیسی پابندی نافذ کرنے کے علاوہ سرکاری و نجی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے جبکہ یونیورسٹیوں اور اسکول بورڈ نے آج کیلئے طے سبھی امتحانات ملتوی کردئے ہیں۔
”معتبر ذرائع کے مطابق میرا بیٹا عیسیٰ فاضلی سوئے جنت روانہ ہوچکا ہے، انا للہ و انا الیہ راجعون“۔
اسلام آباد کے دوردراز ہاکورہ علاقہ میں اتوار کی رات کو فوج اور دیگر سرکاری فورسز نے ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر یہاں موجود تین جنگجووں کو جاں بحق کردیا تھا۔ ایک پولس ترجمان نے بتایا کہ مکان میں جنگجووں کی موجودگی سے متعلق یہاں چھاپہ مارا گیا تو جنگجووں نے محاصرہ توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے گولی چلائی اور پھر جوابی کارروائی میں مارے گئے۔ اُنہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجووں میں سے ایک کی شناخت سید اویس ساکن کوکرناگ اور دوسرے کو سید عیسیٰ فاضلی ساکن صورہ سرینگر کے بطور ہوئی ہے جبکہ تیسرے جنگجو کی شناخت ہونا باقی ہے۔ صورہ سرینگر کے فاضلی کے والد نعیم فاضلی نے اپنے بیٹے کے مارے جانے کی خود فیس بُک پر خبر دی۔ اُنہوں نے لکھا ”معتبر ذرائع کے مطابق میرا بیٹا عیسیٰ فاضلی سوئے جنت روانہ ہوچکا ہے، انا للہ و انا الیہ راجعون“۔یہ پہلی بار ہے کہ کشمیر میں یوں کسی باپ نے خود اپنے جنگجو بیٹے کے مارے جانے کی خبر دی ہو اور یہ بات الگ سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے کہ جہاں کوئی سینئر فاضلی کی ہمت و جُرات کا مداح ہے تو کوئی اسے کشمیری والدین کے حالات کا مظہر بتاتا ہے۔
عیسیٰ فاضلی عرف عیسیٰ روح اللہ تعلیم سے انجینئر تھے اور اُنہوں نے گذشتہ سال ہی جنگجووں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ہاتھوں میں بندوق لئے عیسیٰ نے انٹرنیٹ پر اپنی کئی تقریرں جاری کردی تھیں جن میں انہیں ایک ماہر عالم کی طرح قرانی آیات بیان کرتے اور اُنکی تشریح کرتے دیکھا گیا تھا۔ یہ بات ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے کہ عیسیٰ کا تعلق جنگجووں کی کس تنظیم کے ساتھ تھا ۔
اس واقعہ کی خبر پھیلتے ہی وادی بھر میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سرکاری انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں اور تشدد کے بھڑک اُٹھنے کے خدشات کے پیشِ نظر سرینگر کے پائین علاقہ کے ساتھ ساتھ صورہ میں بھی کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کرنے کے علاوہ سبھی سرکاری و نجی اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ اسکے علاوہ کشمیر یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی اور اسکول بورڈ نے آج کیلئے طے سبھی امتحانات ملتوی کردئے ہیں جبکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی مدھم کردی گئی ہے۔ شمالی ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پولس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہدایات کے مطابق آج بارہمولہ-بانہال ریل بند رہے گی۔
یہ بھی پڑھئیں