سرینگر// اُردو روزنامہ نگران کے مالک و مدیر مختار وانی کے جواں سال بہنوئی ،مقصود احمد گنائی آف سامبورہ پامپور،کی فاتحہ خوانی میں آج لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور متوفی کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔پُرسہ دینے کیلئے آئے لوگوں نے سوگوار خاندان کی ڈھارس بندھائی جسکے لئے اُنہوں نے ان سبھی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مختار وانی کے جواں سال بہنوئی کو معمولی کھانسی کی شکایت تھی تاہم علاج و معالجہ کے باوجود انکی حالت اچانک بگڑ گئی اور پھر چند ہی روز تک صاحب فراش رہنے کے بعد گذشتہ اتوار کو انکا انتقال ہوا۔انہیں اسی دن اپنے آبائی مقبرہ واقع سامبورہ پانپور میں سپردِ خاک کیا گیا تھا اور آج انکی فاتحہ خوانی ہوئی جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کرکے متوفی کی اوصافِ حمیدہ کو یاد کرتے ہوئے یوں انکے اچانک انتقال کرجانے پر زبردست رنج و غم کا اظہار کیا۔قدرتی فیصلوں کے سامنے بے بسی کا اعتراف و اظہار کرتے ہوئے تاہم فاتحہ خوانی میں شریک لوگوں نے سوگوار خاندان کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے انکی ڈھارس بندھائی اور انکے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس دوران سوگوار خاندان نے، ذاتی طور یا کسی بھی ذرئعہ سے،تعزیت اور ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انسے متوفی کیلئے مغفرت و جنت نشینی کی دعاکرتے رہنے کی درخواست کی۔دریں اثنا ادارہ تفصیلات سوگوار خاندان ،باالخصوص مختار احمد وانی،کے غم میں خود کو برابر کا شریک سمجھتے ہوئے انکے ساتھ اظہارِ تعزیت و ہمدردی کرتا ہے۔