راولپنڈی// پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے زیرانتظام کشمیر میں کنٹرول لائن کے جنڈروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں پیر کے روز بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔تاہم بھارت نے اسے ایک ”جوابی کارروائی“قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک افسر سمیت پاکستان کے پانچ فوجیوں کو مار گرایا گیا ہے۔
انگریزی روزنامہ ڈان نے پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان کے حوالہ سے کہا ہے’ ’بھارت کی جانب سے اس وقت ایک بڑا مارٹر گولہ داغا گیا جب فوجی اہلکار ترسیلی لائن کی بحالی کے کام میں مصروف تھے“۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس مارٹر گولے سے پاکستانی فوج کے 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے ”بھارت کی جانب سے مارٹر حملے کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس میں تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک جبکہ متعدد دیگر کو زخمی کیا گیا“۔ ایکسپریس ٹریبون کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بھارتی فوج کی گولہ باری کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہوئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تاہم بھارت کا کہنا ہے کہ گولہ باری کا آغاز پاکستانی فوجیوں کی طرف سے کیا گیا۔
’’جوابی کاروائی میں انڈین آرمی نے ایک افسر سمیت پانچ پاکستانی اہلکاروں کو ہلاک جبکہ چار دیگر کو زخمی کردیا“۔
سرکاری ذرائع نے پیر کی صبح جموں میں کہا’ ’ضلع پونچھ میں ایل او سی کے مینڈھر سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے پیر کی صبح بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ کی گئی“۔ انہوں نے بتایا’ ’پاکستانی فوجیوں کی جانب سے ہلکی ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ مارٹر گولے بھی داغے گئے۔ تاہم ہمارے فوجیوں نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر جواب دیا“۔ دفاعی ذرائع نے بتایا’’جوابی کاروائی میں انڈین آرمی نے ایک افسر سمیت پانچ پاکستانی اہلکاروں کو ہلاک جبکہ چار دیگر کو زخمی کردیا“۔ انہوں نے بتایا ”فائرنگ کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے‘۔ اس سے قبل ضلع راجوری کے سندربنی سیکٹر میں اتوار کو پاکستانی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثنا روزنامہ ڈان نے اپنی رپورٹ میں پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے کہا ہے’ ’سال 2018 میں انڈیا نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر 70 سے زیادہ مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ جنگ بندی معاہدے کی ان خلاف ورزیوں میں ایک عام شہری ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے ہیں“۔ پاکستان کا الزام ہے کہ بھارت کی جانب سے گذشتہ برس 1900 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔