سرینگر// وزیرِاعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حضرت امام حُسین ؑ اور اُن کے رفقاءکی طرف سے کربلا میں پیش کی گئی قربانیاں بنی نوع انسان کو بُرائی اور باطل پر حق و صداقت کی فتح یاد دلاتی رہیں گی۔
عاشورہ کے موقعہ پراپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کربلا میں پیش آئے واقعات ہمیں ہر صورت میں حق و صداقت کے اُصولوں کی پاسداری کرنے اور باطل قوتوں کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حُسین ؑ اور اُن کے رفقاءکی طرف سے کربلا میں پیش کی گئی قربانیوں ، ہمت اور صبر و تحمل مساوات کے نظام پر ہمارے عقیدے کو مزید مضبوط کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم عالم انسانیت کے لئے ہمیشہ کے لئے مشعلِ راہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیئے محبوبہ مفتی مُسلم دُنیا کیلئے رول ماڈل،سیریائی مفتی اعظم کا فتویٰ
محبوبہ مفتی نے کہا کہ قربانی کا یہ عظیم واقعہ ہمیں مستعدی سے حق اور صداقت کے راستے پر چلنے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ” حضرت امام حُسین ؑ کو خراجِ عقیدت ادا کرنے کابہترین طریقہ یہ ہوگا کہ ہم انسانی سماج کی فلاح و بہبود اور اچھائی کے لئے متحد ہوکر کام کریں“۔