لاہور // پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیسٹ سکواڈ میں 5 فاسٹ اور 3 سپن بولرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد حفیظ، احمد شہزاد اور محمد رضوان ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں آج (ہفتہ کو) دبئی کیلئے روانہ ہوگی۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق نے بتایا کہ اسد شفیق ، محمد عباس، اظہر علی ، شان مسعود، سرفراز احمد ، یاسر شاہ ، بلال آصف ، ایم اصغر ، محمد عامر ، وہاب ریاض، محمد عباس، حسن علی، میر حمزہ، سمیع اسلم، بابر اعظم اور عثمان صلاح الدین کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
5 فاسٹ 3 سپنرز شامل، حفیظ ، رضوان اور احمد شہزاد جگہ نہ بنا سکے
انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں پانچ فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ تین سپنرز بھی شامل ہیں، یو اے ای کی بیٹنگ کنڈیشنز اچھی ہیں اس لیے وہاں کسی بھی ٹیم کو دوبار آﺅٹ کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے پانچ فاسٹ باﺅلر اور تین سپنرز شامل کیے ہیں ۔
یاسر شاہ کی فٹنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ یاسر شاہ کی پنڈلی میں مسئلہ تھا لیکن آج ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے ساڑھے 17 پوائنٹ حاصل کیے ہیں ۔ ہم نے انہیں بتایا تھا کہ اگر فٹنس ٹیسٹ پاس کریں گے تو ہی ٹیم میں شامل ہو سکیں گے۔ یاسر شاہ نے پچھلے کچھ عرصے میں انتہائی تیزی سے ترقی کی ہے، اگر آج وہ ٹیسٹ پاس نہ کرتے تو ٹیم میں شامل نہ ہوتے۔
اوپنر اظہر علی کی انجری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ اظہر علی کو گھٹنے میں مسئلہ تھا ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ وہ انجکشن لگا کر کھیل سکتا ہے اس لیے اسے ٹیم میں شامل کیا ہے، امید ہے کہ وہ سیریز کے دوران ٹھیک رہیں گے۔