ترال// جنوبی کشمیر کے ترال قصبہ میں ابھی ابھی ہوئے ایک گرنیڈ دھماکے میں ایک بزرگ شہری اور ایک خاتون سمیت کم از کم تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ قریب تین درجن زخمیوں میں کئی پولس اور فورسز اہلکار شامل ہیں۔
یہ دھماکہ یہاں کے بس اڈہ کے قریب ہوا جہاں معمول کے مطابق لوگوں کی کافی بھیڑ جمع تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے یہاں موجود پولس اور فورسز کی ایک جمیعت کو نشانہ بناتے ہوئے گرنیڈ پھینکا تھا جو بھیڑ بھاڑوالی جگہ پر گر کر خوفناک دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ گرنیڈ کے آہنی ذرے لگنے سے کئی لوگ خون میں لت پت گرے اور تڑپنے لگے جبکہ یہاں افراتفری مچ گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گرتے ہوئے اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔تاہم دھماکے کے فوراََ بعد لوگوں نے دوبارہ جمع ہوکر زخمیوں کو اُٹھاکر یہاں کے سب ضلع اسپتال پہنچایا جہاں ابھی انتہائی پریشان کُن اور اظطرابی مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ایک بزرگ شہری غلام نبی،محمد اقبال نامی ایک نوجوان اور پنکی کور نامی ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ قریب تین درجن افراد زخمی ہیں جن میں پولس اور فورسز کے کئی اہلکار شامل ہیں اور ان سبھی کا علاج ہورہا ہے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ایک بزرگ شہری غلام نبی،محمد اقبال نامی ایک نوجوان اور پنکی کور نامی ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ قریب تین درجن افراد زخمی ہیں جن میں پولس اور فورسز کے کئی اہلکار شامل ہیں اور ان سبھی کا علاج ہورہا ہے۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی اچھی طرح جانچ کرنے کے بعد ہی دیکھا جاسکے گا کہ کسی کو سرینگر منتقل کرنے کی کوئی ضرورت تو نہیں ہے۔
دریں اثنا فوج، پولس ٹاسک فورس اور سی آرپی ایف کی بھاری کمک یہاں آ پہنچی ہے اور ابھی قصبہ میں خوف و حراس کا ماحول ہے۔